غزہ امن منصوبے پر تبادلہ خیال کے لیے العلا میں میونخ لیڈرز کا اجلاس
غزہ امن منصوبے پر تبادلہ خیال کے لیے العلا میں میونخ لیڈرز کا اجلاس
بدھ 1 اکتوبر 2025 18:57
اجلاس میں 100 سینیئر بین الاقوامی رہنما شرکت کر رہے ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو العلا میں میونخ لیڈرز میٹنگ کے افتتاحی اجلاس میں شرکت کی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق سعودی عرب پہلی مرتبہ میونخ لیڈرز میٹنگ کی میزبانی کر رہا ہے جو میونخ سکیورٹی کانفرنس کا حصہ ہے، اس میں 100 سینیئر بین الاقوامی رہنما شرکت کر رہے ہیں۔
اجلاس میں کئی موجودہ سکیورٹی چیلنجز پر بات کی جائے گی، علاقائی اور بین الاقوامی ایشوز کے حل تلاش کیے جائیں گے۔
مختلف بین الاقوامی امور خصوصاً غزہ کی صورتحال، گلوبل فوڈ سکیورٹی، موسمیاتی اور توانائی کے تحفظ کے ایشوز کے ساتھ اس حوالے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
کنگ فیصل سینٹر فار ریسرچ اینڈ اسلامک سٹڈیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین شہزادہ ترکی بن فیصل، وزیر مملکت برائے خارجہ اور موسمیاتی امور کے ایلچی عادل الجبیر، نائب وزیر خارجہ انجینیئر ولید الخریجی اور دیگر عہدیادار بھی شرکت کر رہے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق مشرق سطیٰ اور یورپ کے سینیئر حکام، خارجہ اور سکیورٹی پالیسی، موجودہ چیلنجز،علاقائی سلامتی اور امریکی حمایت یافتہ غزہ امن منصوبے پر تبادلۂ خیال کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔
پینل میں مصر، سعودی عرب اردن کے وزرائے خارجہ شامل تھے (فوٹو: ایس پی اے)
افتتاحی اجلاس میں صدر ٹرمپ کی غزہ کے لیے 20 نکاتی تجویز اور خطے میں استحکام کی وسیع تر کوششوں پر بات کی گئی۔
پینل میں مصر، سعودی عرب اردن کے وزرائے خارجہ کے ساتھ لبنان اور فرانسیسی ایلچی شامل تھے۔
جب شرکا سے پوچھا گیا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکی منصوبے پر عملدرآمد کیا جا سکتا ہے تو صرف 10 فیصد افراد نے ہاتھ اٹھائے۔