القاعد میں حائل کے اونٹوں کی نیلامی کا آغاز ہو گیا ہے جس میں مملکت بھر سے شوقین افراد شرکت کر رہے ہیں۔ اونٹوں کی نیلامی کی یہ تقریب دس دن تک جاری رہے گی۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس نیلامی میں نایاب اور امتیازی خصوصیات رکھنے والے اونٹوں کی نسل کی نمائش ہوگی۔
یہ ریجن میں اس نوعیت کے بڑے بڑے ایونٹس میں سے ایک شمار کیا جاتا ہے کیونکہ اس میں اونٹ رکھنے اور پالنے والوں کی ایک بہت بڑی تعداد شرکت کرتی ہے۔
نمائش میں میراث، ثقافت اور سماجی سرگرمیوں کو متنوع انداز میں پیش کیا جائے گا اور ایونٹ کو ڈیزائن کرتے وقت یہ بات ذہن میں رکھی گئی ہے کہ ہر عمر کے لوگ نمائش کی جانب متوجہ ہوں۔
اونٹوں کی نیلامی کا مقصد ریجن میں معاشی اور ورثے سے متعلق سرگرمیوں میں تیزی لانا ہے۔ یہ نیلامی، مہارتوں کے تبادلے، کاروباری معاہدے طے کرنے اور اونٹوں کے مالکان اور افزائش کرنے والوں کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرنے کا ایک بنیادی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔