سعودی عرب میں ورکشاپس کو منظم کرنے کےلیے نئے ضوابط کا اعلان
جمعرات 2 اکتوبر 2025 18:15
ورکشاپس کو منظور شدہ کنسٹرکشن کوڈ کے مطابق تیار کیا جائے گا (فوڈو: اخبار 24)
سعودی وزارتِ بلدیات و ہاوسنگ نے ورکشاپس کو منظم اور سروسز کے معیار کو بلند کرنے کےلیے نئے ضوابط کا اعلان کیا ہے۔
ٹیکنکل سروسز فراہم کرنے والے ورکشاپس کو منظور شدہ سعودی کنسٹرکشن کوڈ کے مطابق تیار کیا جائے گا جس میں حفظان صحت کے علاوہ صفائی اور ہوا کا آمد ورفت کا مناسب انتظام ہونا ضروری ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت بلدیات نے مملکت کے تمام علاقوں میں کسی بھی نوعیت کے فنی ورکشاپ کے لیے جو ضوابط مقرر کیے ہیں، ان کا مقصد ماحول کو صاف رکھنا اور علاقے کی خوبصورتی میں اضافہ کرنے کے ساتھ صارفین کے حقوق کا بھی خیال رکھنا ہے۔
نئے ضوابط میں اہم ترین شرط ہے کہ کسی بھی ورکشاپ میں مینٹنس کا کام ہی کیا جائے گا وہاں کسی قسم کے پارٹس وغیرہ یا دیگر سامان فروخت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ورکشاپ کی بناوٹ کے حوالے سے جاری ضوابط میں کہا گیا کہ ورکشاپ کا بیرونی اور اندرونی منظر بہتر ہونا ضروری ہے۔
مناسب انداز میں ایئرکنڈیشننگ کا اہتمام کیا جائے لائٹنگ بھی مناسب طریقے سے کی گئی ہو۔
بجلی کی وائرنگ غیرمعیاری یا باہر کو لٹکی نہ ہو۔ بیرونی جانب سے منظرکو بہتر بنایا جائے۔ معذور افراد کےلیے ڈھلواں راستہ بنایا جائے۔
ورکشاپ میں فائرفائنٹنگ کا مناسب انتظام ہو۔ صفائی کے نظام کو بہتربنانے کےلیے کچرے دان موجود ہوں۔ کارکنوں کی حفظان صحت کا خاص خیال رکھا جائے۔
