سعودی عرب اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعاون کے فریم ورک پر اتفاق
منگل 28 اکتوبر 2025 14:05
سعودی عرب پاکستان نے باہمی اقتصادی مفادات کے لیے اقتصادی تعاون کے فریم ورک پر اتفاق کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس کا مقصد تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور باہمی مفادات کو فروغ دینا ہے۔
یہ بات آج منگل کو جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے میں کہی گئی ہے۔
سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان 8 دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری اور دونوں ممالک کی قیادتوں کے درمیان موجود اخوت و اسلامی یکجہتی کے مضبوط تعلقات کے تناظر میں ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ریاض میں منعقدہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے فریم ورک کے آغاز پر اتفاق کیا ہے۔
یہ فریم ورک دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی مفادات پر مبنی ہے اور ان کی باہمی خواہش کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو فروغ دیں تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے مفادات کو بہتر طور پر پورا کیا جا سکے۔
فریم ورک کے تحت اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں کئی اہم منصوبوں پر غور کیا جائے گا جو دونوں حکومتوں کے درمیان تعاون کے فروغ، نجی شعبے کے کردار کے استحکام اور تجارتی تبادلے میں اضافے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
ترجیحی شعبوں میں توانائی، صنعت، کان کنی، معلوماتی ٹیکنالوجی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ شامل ہیں۔
دونوں ممالک اس وقت کئی مشترکہ اقتصادی منصوبوں کا جائزہ لے رہے ہیں جن میں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان بجلی کے رابطے کے منصوبے سے متعلق ایک مفاہمتی یاد داشت پر دستخط اور توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے دوسری مفاہمتی یاد داشت پر دستخط شامل ہیں۔
یہ فریم ورک دونوں ممالک کی اس خواہش کا تسلسل ہے کہ وہ باہمی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کریں اور اپنی مشترکہ بصیرت کے مطابق مختلف اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری شعبوں میں ایک پائیدار شراکت داری استوار کریں تاکہ دونوں ممالک کی قیادتوں اور عوام کی تمناؤں اور مفادات کو پورا کیا جا سکے۔
دونوں ممالک کے رہنما مستقبل قریب میں سعودی، پاکستانی اعلیٰ سطحی رابطہ کونسل کے اجلاس کے انعقاد کے منتظر ہیں۔