انٹرنیشنل باز و شکار میلہ 2025 کا آغاز ریاض کے شمالی علاقہ ملھم میں ہو گیا ہے۔ انٹرنیشنل سعودی فالکن میلہ 11 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ میلے میں 45 ممالک سے تعلق رکھنے والے 1300 افراد شرکت کررہے ہیں ۔
سعودی خبررساں ایجنسی’ ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی فالکن کلب کے سی ای او طلال الشمیسی کا کہنا تھا کہ میلہ عالمی طور پر مقبول ہے اس کے ذریعے دنیا کو بازوں کے حوالے سے سعودی ثقافت و ورثے کے بارے میں وسیع و مستند معلومات حاصل ہوتی ہیں ۔
مزید پڑھیں
-
باز میلہ گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل
Node ID: 386691 -
شاہ عبدالعزیز باز میلہ کا افتتاح، 12 دسمبر تک جاری رہے گا
Node ID: 521271
سی ای او کا مزید کہنا تھا کہ باز میلے میں جہاں انواع و اقسام کے بازوں کا تعارف پیش کیا جاتا ہے وہاں مختلف نوعیت کی تفریحی و تعلیمی سرگرمیاں بھی منعقد کی جاتی ہیں جن کا مقصد آنے والی نسلوں کو مقامی ثقافت سے روشناس کرانا ہے۔
میلے میں امسال متعدد نئے پویلین کا اضافہ کیا گیا ہے جن میں مختلف علاقوں اور ممالک کے بازوں کے کارنر قائم کیے گئے ہیں علاوہ ازیں چینی پویلین بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ نجران کے تاریخی علاقے کے حوالے سے بھی خصوصی کارنر کا انتظام کیا ہے۔
فالکن میلے میں ’مستقبل کے بازبانوں کا گاوں ‘ کے عنوان سے بھی خصوصی پویلین بنایا گیا ہے ۔ بازوں کی اشیا کے اسٹال بھی لگائے گئے ہیں جبکہ قدیم وکلاسیکل گاڑیوں کی نمائش کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔

میلے میں ہونے والی دیگر سرگرمیوں میں تیر اندازی اور نشانہ بازی کے ساتھ ساتھ گھڑ سواری اور بازوں کی نیلامی کے لیے بھی جگہ مخصوص ہے۔
گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی بازوں کے مقابلہ کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جو 5 سے 10 اکتوبر تک ہوں گے ۔
مقابلے کے لیے بازوں کی 6 اقسام کا انتخاب کیا گیا ہے ۔ مقابلے کے مجموعی انعامات کی مالیت 6 لاکھ ریال رکھی گئی ہے۔