Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی آرکیٹیکچر میپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز

سعودی ولی عہد نے آرکیٹیکچر میپ کے حوالے سے منصوبے کا آغاز کیا تھا (فوٹو: العربیہ)
سعودی آرکیٹیکچر میپ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا گیا ہے۔ پہلا مرحلہ ابھا، طائف اور الاحسا میں شروع کیا گیا تھا۔
اخبار 24 کے مطابق ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان جو سعودی آرکیٹیکچر کے چیئرمین بھی ہیں نے مارچ میں سعودی آرکیٹیکچر میپ کے حوالے سے منصوبے کا آغاز کیا تھا جس کا مقصد شہری شناخت کو نمایاں کرنے اور مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کے مطابق معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
دوسرے مرحلے میں جن شہروں کو سعودی فن تعمیر میپ کے لیے منتخب کیا گیا ہے اس میں دمام، الخبر، قطیف، حائل، الباحہ، مدینہ منورہ اورنجران شامل ہیں جہاں بڑی سرکاری اور کمرشل عمارتوں کو اس ڈیزائن کے مطابق ڈھالا جائے گا۔
خیال رہے اس میپ میں مملکت کی جغرافیائی اور ثقافتی خصوصیات سے متاثر19 تعمیراتی طرز شامل ہیں۔ جن میں ہر ایک اس خطے کی جغرافیائی، قدرتی اور ثقافتی خصوصیات کو ظاہر کرتا ہے۔
ہر طرز کی شناخت شہری اور تاریخی مطالعے کی بنیاد پر کی گئی ہے جو ان علاقوں کے عہد رفتہ کی تعمیرات کی بھی عکاسی کرتے ہیں۔
ان طرز تعمیرات میں نجدی اور شمالی فن تعمیر، ساحلِ تبوک کا ساحلی فن تعمیر، مدینہ منورہ کے دہی علاقوں کا فن تعمیر، حجازی ساحلی فن تعمیر، طائف کی عمارتیں، جبل السروات، تھامہ، ابھا کے پہاڑی سلسلے کی عمارتیں، جزیرہ فرسان، بیشہ کے صحرائی علاقے، نجران، الاحسا اور قصیف فن تعمیر کے علاوہ مشرقی ساحلی تعمیرات شامل ہیں۔

 جغرافیائی اور ثقافتی خصوصیات سے متاثر 19 تعمیراتی طرز شامل ہیں۔(فوٹو: العربیہ)

    یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے پائیدار شہری ترقی کے فروغ کی کوششوں کا حصہ ہے جو سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔ یہ سعودی تعمیراتی ثقافت کی وسعت اور تنوع کو ظاہر کرتا ہے۔
یاد رہے سعودی طرزِ تعمیر قدیم ورثے اور جدید ڈیزائن کا منفرد امتزاج ہے جو شہروں کی کشش میں اضافے کا باعث ہے۔

 

شیئر: