Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی شوریٰ کونسل کا اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد پاکستان پہنچ گیا

سعودی شوریٰ کونسل کا اعلیٰ سطح کا پارلیمانی وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق یہ وفد سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی خصوصی دعوت پر  پاکستان آیا ہے۔
سعودی وفد کی قیادت سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم آل الشیخ کر رہے ہیں۔
بیان کے مطابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد آمد پر معزز مہمان وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقعے پر سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی بھی موجود تھے۔
بیان کے مطابق ‘سعودی وفد کا دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی و برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی احترام، عقیدے اور علاقائی خوشحالی کے وژن پر مبنی ہیں۔‘
دورے کے دوران سعودی وفد صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کرے گا۔
ان ملاقاتوں میں پارلیمانی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امن و ترقی پر تبادلۂ خیال ہو گا۔ ’پاکستان اور سعودی عرب کے مابین پارلیمانی تعاون کے مزید فروغ پر خصوصی گفتگو کی جائے گی۔‘
سعودی وفد کے خیر مقدم کے طور پر پارلیمنٹ ہاؤس کو سبز روشنیوں سے منور کیا گیا۔پارلیمنٹ ہاؤس کا سبز رنگ برادر اسلامی ملک سعودی عرب کے ساتھ محبت و اخوت کی علامت ہے۔

شیئر: