Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگست کے دوران ایئر لائنز کے خلاف 2313 شکایات موصول

’جدہ کا ہوائی اڈے کے خلاف شکایات کی شرح سب سے کم تھی‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ شہری ہوا بازی GACA نے اگست 2025 کے دوران مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات کی بنیاد پر ایئر ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے والوں اور ہوائی اڈوں کا درجہ بندی اشاریہ جاری کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’اگست کے دوران ایئر لائنز کے خلاف کل 2313 شکایات موصول ہوئی ہیں‘۔
’ان میں سعودی ایئرلائن سب سے کم شکایات والی کمپنی قرار پائی ہے جس کے خلاف ہر ایک لاکھ مسافروں میں 37 شکایات درج ہوئیں جبکہ شکایات کے بروقت ازالے کی شرح 98 فیصد رہی ہے‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’فلائی ناس دوسری کم شکایات والی ایئر لائن رہی ہے جس کے خلاف 42 شکایات فی ایک لاکھ مسافر موصول ہوئیں اور شکایات کے بروقت ازالے کی شرح 100 فیصد رہی ہے‘۔
’فلائی ادیل تیسرے نمبر پر رہا ہے جس کے خلاف 43 شکایات فی ایک لاکھ مسافر ریکارڈ ہوئیں اور شکایات کے ازالے کی شرح بھی 100 فیصد رہی ہے‘۔
’اگست کے دوران شکایات میں سب سے زیادہ موضوعات پروازوں سے متعلق مسائل رہے، اس کے بعد سامان کی خدمات اور پھر ٹکٹوں کے معاملات شامل تھے‘۔
محکمے نے بتایا ہے کہ ’جدہ کا شاہ عبدالعزیز بین الاقوامی ہوائی اڈہ ان بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں سرفہرست رہا جہاں شکایات کی شرح سب سے کم تھی، ہر ایک لاکھ مسافروں پر صرف ایک فیصد (24 شکایات) جبکہ شکایات کے بروقت ازالے کی شرح 96 فیصد رہی‘۔
یہ درجہ بندی اُن بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے لیے ہے جن سے سالانہ 6 ملین سے زائد مسافر سفر کرتے ہیں۔

شیئر: