فالکن نیلامی میں دو منگولین باز 9 لاکھ ریال میں فروخت
ریاض میں منعقد فالکن نیلامی میں دو منگولین باز 9 لاکھ ریال میں فروخت ہوئے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں سعودی انٹرنیشنل فالکن اینڈ ہنٹنگ ایکزیبیشن 2025 میں منگولیا سے لائے گئے دو بازوں کی نیلامی میں بولی دہندگان کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔
نیلامی کا آغاز میں پہلا باز پیش کیا گیا جس کی ابتدائی بولی دو لاکھ ریال لگائی گئی اور بالآخر اسے 4 لاکھ 50 ہزار ریال میں فروخت کیا گیا۔
اس کے بعد دوسرا باز پیش کیا گیا جس کی بولی ایک لاکھ ریال سے شروع ہوئی اور وہ بھی 4 لاکھ 50 ہزار ریال میں فروخت ہوا۔

نمایش کی تاریخ میں پہلی مرتبہ منگولیائی بازوں کے لیے خصوصی زون مختص کیا گیا ہے کیونکہ یہ باز ماہر بازبانوں کے نزدیک اعلیٰ نسل اور عمدہ خصوصیات کے حامل سمجھے جاتے ہیں۔
یہ مخصوص زون مشرقی ایشیا سے آنے والے منگولیائی بازوں کے منتخب نمونوں کی میزبانی کر رہا ہے جو اپنے بڑے حجم، لمبے پروں، مضبوط برداشت اور رنگوں کے تنوع کے باعث نمایاں حیثیت رکھتے ہیں۔