Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن میں تعمیراتی شاہکار، آرامکو سٹیڈیم

’سٹیڈیم 8 لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے اور 47 ہزار سے زائد تماشائیوں کی گنجائش رکھتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی آرامکو کمپنی نے مشرقی ریجن میں اپنی نئی شاہکار تخلیق، عالمی معیار کے سٹیڈیم کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق نئے سٹیڈیم کا ڈیزائن سمندر کی لہروں سے ماخوذ ہے تاکہ سعودی عرب کی بحری شناخت کو اجاگر کیا جا سکے اور اسے ایک جدید پلیٹ فارم بنایا جا سکے جو کھیلوں کی ترقی اور معاشرتی خدمت دونوں کو فروغ دے۔
یہ سٹیڈیم 8 لاکھ مربع میٹر کے رقبے پر تعمیر کیا گیا ہے اور 47 ہزار سے زائد تماشائیوں کی گنجائش رکھتا ہے جب کہ پارکنگ ایریا میں 9 ہزار گاڑیوں کی گنجائش موجود ہے، جو اسے خطے کے سب سے بڑے کھیلوں کے مراکز میں شامل کرتا ہے۔
اسٹیڈیم کو جدید ترین مواصلاتی ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے جس میں 5G نیٹ ورک، Wi-Fi 7 اور سمارٹ بلڈنگ مینجمنٹ سسٹم BMS شامل ہے جو آلات کو مؤثر طور پر چلانے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔
اس کے ساتھ ایک مکمل حفاظتی نظام FAS بھی موجود ہے جو قبل از وقت انتباہ اور خودکار آگ بجھانے کے نظام پر مشتمل ہے۔
نیز مصنوعی ذہانت پر مبنی نگرانی کا نظام بھی نصب کیا گیا ہے جو حالات کا تجزیہ کر کے فوری ردِعمل کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تماشائیوں کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے سٹیڈیم میں جدید بصری نظام نصب ہے، جس میں چار بڑی اسکرینیں شامل ہیں جن کا مجموعی رقبہ 300 مربع میٹر ہے، 8 اسکرینیں عوامی صحنوں میں اور 648 سے زائد چھوٹی اسکرینیں مختلف مقامات پر نصب کی گئی ہیں تاکہ دیکھنے کا ایک غیر معمولی تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
آرام اور سہولت کے لیے سٹیڈیم میں 57 ہزار ایئر وینٹس لگائے گئے ہیں، یعنی ہر نشست کے لیے ایک وینٹ اور سمارٹ درجہ حرارت کنٹرول نظام بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ، پانی کے ذخیرے اور ری سائیکلنگ کے لیے 10 ہزار مکعب میٹر کی گنجائش والا مربوط نظام موجود ہے۔
روشنی کی شدت 4000 لکس تک پہنچتی ہے جو عالمی معیار سے 30 فیصد زیادہ ہے، جس سے براہِ راست نشریات کے معیار میں بہتری آتی ہے اور کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ شائقین کو بھی شاندار تجربہ ملتا ہے۔
ان جدید سہولیات کے ساتھ، آرامکو کا یہ سٹیڈیم معمارانہ اور کھیلوں کی علامت کے طور پر اُبھر رہا ہے جو کمپنی کے وژن 2030 کے اہداف خصوصاً کھیل، سیاحت اور معیارِ زندگی کے فروغ کے عزم کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

شیئر: