سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون اتفاق
سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ملاقات، دوطرفہ اقتصادی تعاون اتفاق
بدھ 8 اکتوبر 2025 17:08
سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی قیادت میں پاکستان آنے والے وفد سے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’اسلام آباد میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود، کا استقبال کیا۔‘
شہزادہ منصور بن محمد ایک اعلیٰ سطح کے سعودی کاروباری وفد کی قیادت کر رہے ہیں جو پاکستان کے دورے پر ہے۔
بیان کے مطابق نائب وزیرِاعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو اجاگر کیا اور سعودی سرمایہ کاری کے لیے حکومت کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
اسحاق ڈار نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کو اجاگر کیا (فوٹو: دفتر خارجہ)
پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق اس موقعے پر ’شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے سعودی پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کی پیش رفت کو سراہتے ہوئے اسے دنیا کی کامیاب ترین بزنس کونسلز میں شمار کیا۔‘
فریقین نے دو برادر ممالک کی مشترکہ خوشحالی کے لیے اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔