کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے خون کے کینسر میں مبتلا فلسطینی بچی کا علاج
سعودی عرب کی حکومت جو کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے ذریعے رحمدلی اور باہمی تعاون کی قدروں کو اپناتی ہے، دنیا بھر میں ضرورت مندوں اور متاثرین کی مدد کرتی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے غزہ سے تعلق رکھنے والی تین سالہ بچی سیلین شادی عبدالسلام کے علاج کی ذمہ داری لے لی ہے جو شدید لیوکیمیا (خون کے سرطان) کے باعث نازک حالت میں مبتلا ہے اور جسے فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔
سینٹر نے بچی کو اردن کے الحسين کینسر سینٹر منتقل کرنے اور وہاں اس کے علاج و معالجے کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا انتظام کیا ہے۔
طبی ٹیموں نے فوری طور پر اس کی حالت کی نگرانی شروع کر دی اور عالمی معیار کے مطابق علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔
بچی کے اہلِ خانہ نے سعودی عرب کی قیادت اور عوام کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عظیم انسانی اقدام کو ان کے لیے امید کی کرن اور زندگی کی ضمانت قرار دیا ہے، خاص طور پر ان مشکل حالات میں جن سے غزہ کے شہری گزر رہے ہیں۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر فلسطینی بھائیوں کے لیے خصوصی منصوبہ بھی نافذ کر رہا ہے جس کے تحت غزہ میں کینسر کے مریضوں کا علاج اردن کے الحسين کینسر سینٹر کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔