سعودی عرب نے مسجد اقصی پر اسرائیلی دھاوے کی مذمت کردی
’مقدس مسجد کی حرمت پر مسلسل ہونے والے حملوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ سعودی عرب، قابض افواج کی حفاظت میں اسرائیلی حکام اور آبادکاروں کی جانب سے مسجدِ اقصیٰ کے صحنوں میں دراندازی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’مقدس مسجد کی حرمت پر مسلسل ہونے والے حملوں پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہیں‘۔
اعلامیہ میں سعودی عرب نے واضح کیاہے کہ وہ ہر اُس اقدام کو قطعی طور پر مسترد کرتا ہے جوبیت المقدس اور اس کے مقدس تاریخی و قانونی حیثیت کو نقصان پہنچا تا ہو۔
سعودی عرب نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ اسرائیلی قابض حکام کو مقدساتِ اسلامی اور ریاستِ فلسطین کے نہتے شہریوں کے خلاف اُن کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرائے۔