سعودی عرب میں ستمبر کے دوران مہنگائی کی شرح 2.2 فیصد رہی
’ستمبر 2025 میں سالانہ افراطِ زر کی شرح گزشتہ سال ستمبر 2024 کے مقابلے میں کم رہی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں ستمبر 2025 کے دوران سالانہ مہنگائی کی شرح 2.2 فیصد رہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’ستمبر 2025 میں سالانہ افراطِ زر کی شرح گزشتہ سال ستمبر 2024 کے مقابلے میں کم رہی ہے۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’ماہ بہ ماہ بنیاد پر صارف قیمتوں کا اشاریہ (CPI) 0.1 فیصد کمی کے ساتھ اگست 2025 کے مقابلے میں معمولی کمی کا مظاہرہ کرتا ہے۔
ادارے نے مزید بتایا ہے کہ ’ہول سیل قیمتوں کا اشاریہ (WPI) ستمبر 2025 میں 2.1 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو 2024 کے اسی مہینے کے مقابلے میں ہے جبکہ ماہانہ بنیاد پر یہ اشاریہ 0.3 فیصد بڑھا ہے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ صارف قیمتوں کا اشاریہ (CPI) اُن قیمتوں میں تبدیلی کی پیمائش کرتا ہے جو صارفین 582 اشیا اور خدمات پر مشتمل ایک مقررہ باسکٹ کے بدلے ادا کرتے ہیں۔
جبکہ ہول سیل قیمتوں کا اشاریہ (WPI) اُن اشیاء کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کو ظاہر کرتا ہے جو خوردہ فروخت سے پہلے کی مرحلہ وار تجارت میں شامل ہوتی ہیں اور یہ اشاریہ 343 اشیا پر مشتمل مقررہ باسکٹ پر مبنی ہے۔