Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے جنوبی غزہ میں فوڈ باسکٹس کی تقسیم

سعودی عرب نے کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد کے ذریعے فلسطینی بھائیوں کی غزہ پٹی میں امداد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ امداد ان متاثرین کی مدد کے لیے چلائی گئی عوامی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد مشکل حالات میں انسانیت کی تکالیف کو کم کرنا ہے جن سے غزہ کے عوام گزر رہے ہیں۔
یہ تعاون سعودی عرب کے انسانی خدمت کے دیرینہ طرزِ عمل کا تسلسل ہے، چنانچہ سینٹر نے جنوبی غزہ کے کیمپوں میں مقیم سینکڑوں بے گھر خاندانوں میں غذائی پیکٹ، طبی امداد اور خیمے تقسیم کیے ہیں تاکہ متاثرین کی بنیادی ضروریات پوری کی جا سکیں۔
امدادی سامان میں خوراک، ادویات، رہائشی ساز و سامان اور ایمبولینس گاڑیاں شامل ہیں۔ یہ تمام امداد متواتر فضائی و بحری پل کے ذریعے غزہ منتقل کی جا رہی ہے۔
اسی ضمن میں سعودی عرب نے کنگ سلمان سینٹر کے توسط سے متعدد بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ معاہدے کیے ہیں تاکہ غزہ کے اندر انسانی و امدادی منصوبے نافذ کیے جائیں جن کی مجموعی مالیت 90 ملین امریکی ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ 
جبکہ 39 ہزار سے زائد کھانے کے پیکٹ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

بے گھر فلسطینیوں نے سعودی عرب کی جانب سے امداد کی فراہمی کو سراہا۔ (فوٹو: ایس پی اے)

اب تک فضائی و بحری پل کے ذریعے مجموعی طور پر 68 امدادی طیارے، آٹھ بحری جہاز اور 20 ایمبولینس گاڑیاں غزہ پہنچ چکی ہیں جن کا کل وزن 7,633.98 ٹن ہے۔
یہ اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ سعودی عرب ہر دور میں فلسطینی عوام کی حمایت اور ان کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم پر قائم ہے۔
بے گھر خاندانوں کے افراد نے ان مشکل حالات میں مسلسل انسانی امداد فراہم کرنے پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔

شیئر: