ولی عہد نے مکہ مکرمہ میں شاہ سلمان گیٹ منصوبے کا اعلان کردیا
’کثیر المقاصد منصوبہ مسجد الحرام کے قریب 12 ملین مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل ہوگا‘ ( فوٹو: سبق)
ولی عہد و زیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے مکہ مکرمہ میں ’کنگ سلمان گیٹ‘ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ کثیر المقاصد منصوبہ مسجدِ حرام کے قریب 12 ملین مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل ہوگا۔
منصوبے کا مقصد مکہ مکرمہ، خصوصاً مرکزی علاقے کی بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں معیاری تبدیلی لانا ہے تاکہ اسے عمرانی ترقی کا ایک عالمی نمونہ بنایا جا سکے۔
یہ منصوبہ خطے کی ترقی، زائرین کی آمد و رفت میں سہولت اور حرمین کے لئے اعلیٰ معیار کی خدمات فراہم کرنے کی قومی کوششوں کو تقویت دے گا۔
اس کا مقصد زائرین کے مذہبی و ثقافتی تجربے کو پُر اثر اور روحانی طور پر مالامال بنانا ہے جو عمرہ زائرین اور عازمین حج کی خدمت کے اہداف کے عین مطابق ہے۔
کنگ سلمان گیٹ اپنی اسٹریٹجک جگہ کے باعث منفرد ہے کیونکہ یہ مسجدِ حرام کے بالکل قریب واقع ہے۔
یہ جامع اور جدید مقام ہوگا جس میں رہائشی، ثقافتی اور خدمتی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
منصوبے میں 9 لاکھ نمازیوں کے لئے اندرونی اور بیرونی مصلیٰ جات اور صحنوں میں گنجائش رکھی گئی ہے۔
یہ منصوبہ عوامی نقل و حمل کے نظام سے منسلک ہوگا تاکہ زائرین کے لئے مسجدِ حرام تک رسائی آسان بنائی جا سکے۔
منصوبہ مکہ مکرمہ کے معماری ورثے اور جدید طرزِ زندگی کے حسین امتزاج کی نمائندگی کرے گا تاکہ زائرین کو آرام، سکون اور روحانی اطمینان کی اعلیٰ ترین سطح میسر ہو۔
مکہ مکرمہ کے تاریخی و ثقافتی ورثے کو محفوظ رکھنا اور تقریباً 19 ہزار مربع میٹر کے ثقافتی و تاریخی علاقوں کی تعمیرِ نو اور ترقی کے ذریعے زائرین کے تجربے کو مزید بہتر بنانا ہے۔
منصوبہ سعودی وژن 2030 کے تحت اقتصادی تنوع کے اہداف میں حصہ ڈالے گا اور 2036 تک 3 لاکھ سے زیادہ ملازمتوں کے مواقع پیدا کرے گا۔