Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت میں سیاحتی شعبے کی لوکلائزیشن کے لیے نئی پالیسی کا اعلان

الخطیب نے ملازمین کی رجسٹریشن سے متعلق نئی پالیسیوں کی منظوری دی۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے مملکت میں سیاحت کے شعبے کو مقامی بنانے کے لیے نئی پالیسیوں کو متعارف کرایا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سیاحت کے وزیر احمد الخطیب نے ملازمین کی رجسٹریشن اور سعودائزیشن کے حوالے سے نئی پالیسیوں کی منظوری دی۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت کی جانب سے جاری نئے ضوابط میں کہا گیا’ سیاحت اور میزبانی کی تمام سہولتوں پر لازم کر دیا گیا ہے کہ کام کے اوقات میں ان جگہوں پر کوئی نہ کوئی سعودی شہری ریسیپشن پر موجود ہو۔‘
’سیاحت کی سہولتیں فراہم کرنے والوں کو کام کے آغاز سے پہلے تمام ملازمین کو ہیومن ریسورس اور سماجی ترقی  کی وزارت کے ساتھ رجسٹر کرانا ہوگا۔‘
ملازمین کے معاہدے جن میں عارضی یا جز وقتی معاہدے شامل ہیں، آئندہ سے اجیر یا دوسرے منظور شدہ پلیٹ فارمز کے ذریعے دستاویزی شکل میں لانا لازمی ہو گا۔

ملازمین کے معاہدوں کو دستاویزی شکل میں لانا لازمی ہو گا۔ (فوٹو: ایس پی اے)

سیاحت سے متعلق وہ سہولتیں جہاں مختلف شعبوں کی ایک سے زیادہ لائسنس شدہ برانچیں ہوں گی، انھیں ملازمین کا اندراج سیاحت کے لائسنس کے تحت  الگ برانچ کے مطابق کرانا ہوگا۔
مختلف ملازمتوں کو، جہاں سعودی شہریوں کو کام کرنے کی فوقیت ہوگی، آؤٹ سورس کرنے یا مملکت سے باہر کام منتقل کرنے پر پابندی ہوگی۔
اگر کسی کام کو آوٹ سورس کرانا ہو تو اس کےلیے ضروری ہے کہ ان ہی اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں جو وزارت سیاحت اورافرادی قوت میں میں رجسٹرڈ ہوں۔

خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا (فوٹو: ایس پی اے)

وزارت نے زور دے کر کہا کہ’ ان نئی پالیسیوں کی تعمیل پر سختی سے نگرانی کی جائے گی اور خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو سخت جرمانوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
سعودی وزیر سیاحت کا کہنا تھا’ نئے ضوابط شہریوں کے لیے ملازمت کے مواقع بڑھانے اور خدمات کی مجموعی کوالٹی کو بہتر بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہیں۔‘
نئی پالیسیاں مختلف حکومتی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر تیار کی گئی ہیں۔ ان کا مقصد شعبۂ سیاحت میں شہریوں کی شرکت میں اضافہ کرنا اور قائدانہ کردار والی ملازمتوں کے ساتھ دیگر ملازمتیں بھی شامل ہیں، جن کا حصول ممکن بنانا ہے۔

نئی پالیسیاں مختلف حکومتی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر تیار کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

اس کے علاوہ گریجویٹس کے لیے ایسی ملازمتیں تلاش کرنا بھی پالیسی کا حصہ ہے جو سعودی وژن 2030 کے ساتھ مطابقت رکھتی ہوں۔
وزارت نے اس سال کے شروع میں اعلان کیا تھا کہ اس نے ان مقامی کارکنوں کے لیے جو سیاحت کے شعبے میں کام کرتے ہوں، اجرت میں 30 سے 50 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔ ایسا ایک حکمتِ عملی کے تحت کیا گیا تھا تاکہ سعودی شہریوں کے لیے ملازمتوں کے مواقع بڑھیں اور غیر ملکیوں پر انحصار کم کیا جائے۔
وزارت نے سیاحت سے متعلق پروفیشن میں 43 فیصد تک مالی معاونت بڑھائی ہے اور اس شعبے میں کیریئر کی پائیداری اور اسی میں دلچسپی کا سامان پیدا کیا ہے۔

 

شیئر: