مدینہ منورہ میں سیاحت بڑا اقتصادی شعبہ بن گیا، ریجن کے 11 فیصد افراد وابستہ
منگل 14 اکتوبر 2025 21:20
میزبانی کے شعبے میں کارکردگی کافی مضبوط رہی ہے۔( فوٹو: ایس پی اے)
مدینہ منورہ میں سیاحت ایک بڑا معاشی شعبہ بن گیا ہے۔ اس ریجن سے سالِ رواں کے پہلے کوارٹر میں 11 فیصد افراد کو ملازمت ملی ہے۔
مدینہ چیمبر آف کامرس کے ایک شعبے کی رپورٹ میں اس بات کی واضح نشاندہی کی گئی ہے کہ میزبانی کے میدان میں کارکردگی کافی مضبوط رہی ہے۔
ایس پی اے کے مطابق گزشتہ برس کے آخری کوارٹر کے دوران ہوٹلوں میں مہمانوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد نے قیام کیا۔
سروس اپارٹمنٹس میں گزشتہ برس کے آخری کوارٹر میں مہمانوں کے قیام کی شرح 48.7 فیصد رہی۔
لوگوں کے قیام کی مدت کے لحاظ سے مکہ کے بعد مدینہ دوسرے نمبر پر ہے جہاں زائرین اور سیاح اوسطاً چار راتوں تک قیام کرتے ہیں۔
یہ رجحانات سعودی عرب کے وژن 2030 کے نصب العین سے مطابقت رکھتے ہیں جس کے تحت سیاحت اور میزبانی کے شعبوں کو پائیدار ترقی کے ذریعے اس قابل بنانا ہے کہ وہاں ملازمتوں کے متنوع مواقع پیدا ہوں۔
یاد رہے کہ سعودی وزارتِ سیاحت نے سیاحتی خدمات کو بہتر بنانے کے ایک انیشیٹیِو کے تحت مکہ اور مدینہ کے ریجنوں میں نئے دفاتر کھولے ہیں۔
وزارت کے ترجمان کا کہنا ہے نئے دفاتر، معائنے کے عمل کی نگرانی، قواعد و ضوابط کی تعمیل اور سرمایہ کاروں کے لیے تعاون بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
اس کے علاوہ یہ دفاتر خدمات کی کوالٹی کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ حکومتی اداروں سے رابطہ اور باہمی اشتراک سے زائرین اور سیاحت کے لیے آنے والوں کو دستیاب خدمات کے انتظام پر نگاہ رکھیں گے۔
