دبئی کی ایک عدالت نے عرب ملک سے تعلق رکھنے والے پائلٹ کو ریستوران کے دو ملازمین کی جانب سے تشدد اور بدسلوکی پر 55 ہزار درہم ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
پائلٹ نے دو ملازمین، ریستوران کے منیجر، اس کے کاروباری پارٹنر اور ہوٹل کی پیرنٹ کمپنی کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس میں اسے حملے سے پہنچنے والے پروفیشنل اور نفسیاتی نقصان کے ازالے کے طور پر 6.6 ملین درہم مطالبہ کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
امارات الیوم کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پائلٹ ایک ہوٹل کے ریستوران میں کھانا کھانے گیا، اسی دوران ہوٹل کے دو ملازمین سے تکرار ہوئی جو تصادم میں بدل گئی۔
ہوٹل کے ملازمین نے مبینہ طور پر توہین آمیز الفاظ استعمال کیے اور کسی سخت چیز سے وار کیا۔ حملے میں پائلٹ کو سکل فریکچر، دماغی چوٹ اور نیوموتھوریکس کا سامنا کرنا پڑا۔ فرانزک رپورٹ میں تصدیق کی گئی کہ اس حملے نے پائلٹ کو 20 دن سے زیادہ جسمانی اور ذہنی طور پر کام کرنے سے قاصر رکھا۔
عدالت نے مقدمے کا جائزہ لینے کے بعد جسمانی حملے پر دو ملازمین اور ہوٹل کی پیرنٹ کمپنی کو 50 ہزار درہم جبکہ زبانی بدسلوکی پر 5 ہزار درہم ادا کرنے کا حکم دیا۔