مسجد نبوی مدینہ منورہ کے امام وخطیب شیخ عبداللہ البعیجان نے روسی دارالحکومت ماسکو کی جامع مسجد میں جعمے کا خطبہ دیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق ماسکو کی جامع مسجد میں نماز جمعہ کےلیے 15 ہزار سے زیادہ نمازی موجود تھے جنہوں نے خطبہ سنا۔
روسی فیڈریشن کے مفتی شیخ راوی عین الدین، روس میں سعودی سفیر سامی بن محمد السدحان اور متعدد مذہبی اور سرکاری شخصیات بھی موجود تھیں۔
امام مسجد نبوی نے خطبہ جمعہ میں اسلامی معاشروں میں سلامتی، استحکام اور ہم آہنگی کے حصول کےلیے مسلمانوں میں اتحاد کی ضرورت، اعتدال اور توازن کی راہ پر گامزن رہنے، اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنے، تفرقہ اور اختلاف کومسترد کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
یاد رہے امام مسجد نبوی کا دورہ ماسکو وزارت اسلامی امور کی ان بین الاقوامی کوششوں کا حصہ ہے جس کا مقصد اسلام کی رواداری اور اعتدال پسندی کو فروغ دینا اور بقائے باہمی کی اقدار کو دنیا بھر میں پھیلانا ہے۔