پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینے کے لیے ’گو اے آئی ہب پاکستان‘ منصوبے کا سنیچر کو اسلام آباد میں افتتاح کیا گیا۔
یہ منصوبہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن اور سعودی عرب کی کمپنی ’گو ٹیلی کام‘ (اتحاد ایئر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی) کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔
وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے مطابق یہ سنگِ میل مصنوعی ذہانت، ڈیٹا انفراسٹرکچر اور افرادی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
’اس منصوبے کو سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کے تحت سعودی عرب کے ساتھ سٹریٹجک سرمایہ کاری کی شراکت داری کے فروغ کے لیے ممکن بنایا گیا۔‘
اس تقریب میں پاکستان کی وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ، سی ای او گو ٹیلی کام یحییٰ بن صالح المنصور، ایس آئی ایف سی کے سینیئر حکام اور پاکستان کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کے نمائندگان نے شرکت کی۔
سی ای او گو ٹیلی کام یحییٰ بن صالح المنصور نے پاکستان کی ڈیجیٹل ترقی کے لیے اپنی کمپنی کے طویل المدتی عزم کا اعادہ کیا۔
یہ منصوبہ ایس آئی ایف سی فریم ورک کے تحت اعلٰی سطحی روابط کے نتیجے میں وجود میں آیا، جو وزیراعظم کے حالیہ دورۂ ریاض کے بعد عملی شکل اختیار کر گیا۔
دستخط شدہ مفاہمتی یادداشتوں کا تعلق ڈیٹا سینٹر اور اے آئی انفراسٹرکچر کی ترقی، گو ٹیلنٹ ہب کے قیام اور گو اے آئی ہب پاکستان کے عملی آغاز سے ہے۔