کابینہ نے اسٹراتھکلاڈ یونیورسٹی کی ریاض میں شاخ کھولنے کی منظوری دیدی
منگل 21 اکتوبر 2025 15:40
ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی سربراہی میں کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق آج منگل کو دار الحکومت ریاض میں منعقدہ اجلاس کے دوران کابینہ نے مقامی اور بین الاقوامی امور اور معاملات کا جائزہ لیا اور متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی ہے۔
اجلاس میں سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں رہائشی یونٹس کی فراہمی بڑھانے اور غیر منقولہ جائیداد میں توازن قائم کرنے کے لئے جاری عملی اقدامات کی تحسین کی گئی ہے جن کا مقصد تعمیر و ترقی کے عمل کو تقویت دینا اور شہریوں کے لئے متنوع اور موزوں رہائشی آپشن فراہم کرنا ہے۔
کابینہ نے ریاض شہر میں اسٹراتھکلاڈ یونیورسٹی ’University of Strathclyde‘ کی شاخ کے قیام کی منظوری دی ہے جبکہ مکہ مکرمہ کے مرکزی علاقے کی ترقی کے لئے کنگ سلمان گیٹ منصوبے کے آغاز کو سراہا ہے۔
اسی طرح کابینہ نے وزارتِ داخلہ کو اجازت دی ہے کہ وہ بلدیاتی جائیدادوں کے تصرف کے ضابطے کو رہائشی کمپلیکسز اور شہروں کے اندر جائیدادوں کے سرمایہ کاری منصوبوں پر نافذ کرے تاکہ زندگی کے معیار اور پائیدار ترقی کے سرکاری اہداف کو مزید تقویت مل سکے۔