مسجد نبوی مدینہ منورہ سے متصل چلڈرن نرسری سینٹر میں 102 ممالک سے تعلق رکھنے والے 54 ہزار سے زیادہ بچوں کی دیکھ بھال کی گئی۔
سبق نیوز کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کی جانب سے مسجد نبوی کے زائرین کے ہمراہ آنے والے بچوں کی دیکھ بھال کےلیے خصوصی مرکز موجود ہے۔
مرکز میں زائرین اپنے بچوں کو چھوڑ جاتے ہیں تاکہ وہ سکون سے زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزارسکیں۔
مزید پڑھیں
-
مسجد الحرام کی تیسری توسیع میں چلڈرن نرسری سینٹر قائمNode ID: 848446
-
مسجد نبوی میں جمعے کے دن زائرین کو 183 ٹن زمزم کی فراہمیNode ID: 894819
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے اس سینٹر میں تربیت یافتہ خواتین کا انتظام کیا ہے جو وہاں بچوں کی دیکھ بھال ہی نہیں کرتیں بلکہ انہیں مختصر وقت میں تعلیم بھی دیتی ہیں۔
دو سے نو سال کی عمر کے بچوں کے لیے تعلیمی، تفریحی اور آگاہی پروگرام شامل ہیں۔
یہ سینٹر مسجد نبوی کے شمال مشرقی جانب قائم کیا گیا ہے، جہاں روزانہ صبح پانچ سے رات گیارہ بجے تک بچوں کی نگہداشت کے خصوصی انتظامات ہیں۔
سینٹر میں موجود معلمات بچوں کو کھیل ہی کھیل میں تعلیم بھی دیتی ہیں اور ان کی تمام ضروریات کا بھی خیال رکھتی ہیں۔
سینٹر کے حوالے سے زائرین کا کہنا تھا’ یہ ایک مثالی سہولت ہے اور وہ مطمئن ہو کر اپنے بچوں کو وہاں چھوڑ کر جاتے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ وقت مسجد نبوی میں گزارسکیں۔‘

خیال رہے مسجد نبوی میں ان زائرخواتین کےلیے دروازے مخصوص ہیں جو اپنے بچوں کے ہمراہ آتی ہیں جبکہ بچوں کے بغیر آنے والی زائر خواتین کے لیے جدا دروازے مخصوص کیے گئے ہیں۔
واضح رہے مسجد الحرام میں چلڈرن نرسری سینٹر مسجد الحرام کی تیسری توسیع میں حرم ایمرجنسی ہسپتال کے قریب قائم ہے۔
سینٹر میں ڈائننگ ایریا، بصری سہولتیں، حرمین اور مناسک کے تعلیمی ماڈلز اور سونے کے لیے مخصوص کمروں کی سہولتیں موجود ہیں۔