اسلام آباد پولیس کے مطابق ’ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر نے خودکشی کر لی ہے۔‘
وہ جمعرات کی شام اسلام آباد کے سرینا پوائنٹ پر ڈیوٹی پر مامور تھے جب انہیں ایک فون کال موصول ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ کال سننے کے فوری بعد انہوں نے اپنی سرکاری پستول سے سر پر فائر کر لیا۔
انہیں فوری طور پر پمز ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری اور آئی کی اسلام آباد علی ناصر رضوی بھی پمز ہسپتال پہنچ گئے۔
مزید پڑھیں
اردو نیوز کو موصول معلومات کے مطابق ایس پی عدیل اکبر تقریباً ایک ماہ قبل بلوچستان سے اسلام آباد تبادلے پر آئے تھے اور جمعرات کو وہ خصوصی ڈیوٹی پر سرینا پوائنٹ پر تعینات تھے۔ معلوم ہوا ہے کہ ایس پی انڈسٹریل ایریا چند روز سے ذہنی دباؤ کا شکار تھے۔
اس وقت اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ اسلام آباد پولیس، ضلعی انتظامیہ اور راولپنڈی پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کا بیان
ترجمان اسلام آباد پولیس نے ایک مختصر بیان میں بتایا کہ ’ایس پی انڈسٹریل ایریا عدیل اکبر شاہراہ دستور سے اپنے دفتر کی طرف جا رہے تھے اور راستے میں اپنی ہی گاڑی کے اندر فائر لگنے سے چل بسے۔‘













