وزیرماحولیات وزراعت نے ایڈوانس زرعی سینٹر کا بھی افتتاح کیا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی زرعی نمائش کا 42 واں ایڈیشن چار روز جاری رہنے کے بعد ختم ہو گیا۔ نمائش میں مختلف سرکاری اور نجی شعبوں کے مابین 3.5 ارب ریال کے 28 معاہدے اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخت کیے گئے۔
سبق نیوز کے مطابق زرعی نمائش 2025 میں 34 ممالک کے زراعت و آبی حیات سے تعلق رکھنے والے اداروں کی جانب سے مختلف اسٹالز لگائے گئے جن کے ذریعے جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال کے بارے میں مفید معلومات فراہم کی گئیں۔
نمائش کے 42 ویں ایڈیشن میں اندرون و بیرون مملکت سے 27 ہزار سے زائد زائرین نے شرکت کی جن میں زرعی شعبے کے ماہرین ، سرمایہ کار اور تاجر شامل تھے۔
وزیر زراعت پانی وماحولیات انجینئرعبدالرحمان الفضلی نے نمائش کے دوران زراعت کے فروغ کے لیے ’ایڈوانس زرعی سینٹر‘ کا بھی افتتاح کیا جو کاشتکاروں اور مزارعین کو جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
زراعت کے مستقبل کے عنوان سے عالمی کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا(فوٹو، ایکس )
نمائش کی دیگر سرگرمیوں میں ’عالمی زراعت کا مستقبل ‘ کے عنوان سے کانفرنس کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں ماہرین نے غذائی قلت ، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات اور زراعت کی ڈیجیٹلائشن کے حوالے سے اہم و جدید معلومات مہیا کیں۔
زراعت کے مستقبل کے عنوان سے عالمی کانفرنس میں 20 سے زائد اجلاس منعقد کیے گئے جن میں جدید ٹیکنالوجیز ، اسمارٹ زراعت، عالمی سطح پر زراعت کے کامیاب تجربات کے موضوعات پر روشنی ڈالی گئی۔