پاکستان، لبنان اور صومالیہ میں امدادی مہم جاری
ہفتہ 25 اکتوبر 2025 10:14
’پاکستان میں تقسیم کئے جانے والے امدادی سامان سے 27378 ضرورت مند افراد نے فائدہ اٹھایا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے دنیا بھر کے ضرورت مندوں اور متاثرہ افراد کی مدد کے لیے مسلسل انسانی کوششوں کے تحت پاکستان، لبنان اور صومالیہ سمیت متعدد ممالک میں اپنے امدادی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سینٹر نے پاکستان کے صوبہ سندھ کے اضلاع لاڑکانہ، خیرپور، جامشورو اور مٹیاری اور صوبہ پنجاب کے اضلاع بہاولنگر اور خانیوال میں 3870 فوڈ باسکٹ تقسیم کئے ہیں۔
امدادی سامان سے 27378 ضرورت مند افراد نے فائدہ حاصل کیا ہے۔
یہ امداد 2025ء کے لیے پاکستان میں غذائی سلامتی کی معاونت کے منصوبے کے چوتھے مرحلے کے تحت فراہم کی گئی۔
اسی طرح لبنان کے شمالی علاقے منیہ میں سبل السلام سوشل سوسائٹی کی ایمبولینس سروس نے 10 سے 16 اکتوبر 2025 کے دوران مرکز کے تعاون سے 51 ہنگامی طبی مشن انجام دیے ہیں۔

ان مشنز میں مریضوں کو منیہ شہر کے مختلف ہسپتالوں تک لانے اور لے جانے کی خدمات شامل تھیں، جن سے شامی پناہ گزینوں اور میزبان کمیونٹی دونوں نے فائدہ اٹھایا۔
یہ اقدام لبنان میں پناہ گزینوں کے علاقوں میں ایمبولینس اور ایمرجنسی خدمات کے تعاون کے منصوبے کے تحت کیا گیا۔
دریں اثنا صومالیہ کے سول ریجن میں مرکز نے 300 رہائشی کٹس، 750 ملبوسات کی کٹس اور 50 خیمے تقسیم کیے ہیں جن سے 1075 خاندانوں کے 6450 افراد مستفید ہوئے۔
یہ امداد 2025ء کے لیے صومال میں بے گھر اور متاثرہ خاندانوں کے لیے رہائشی امداد کی تقسیم کے منصوبے کا حصہ ہے۔
یہ تمام اقدامات سعودی عرب کی جانب سے دنیا بھر کے متاثرہ اور ضرورت مند عوام کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے فراہم کی جانے والی انسانی و امدادی خدمات کے تسلسل کا حصہ ہیں۔