Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آنت کے کینسر میں مبتلا فلسطینی بچی کے علاج کی کفالت

’7 سالہ ایلین آنت کے کینسر کے نازک اور خطرناک مرحلے میں مبتلا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سخاوت، رحم دلی اور سماجی یکجہتی کی اعلیٰ قدروں کے تحت کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد نے غزہ کی 7 سالہ فلسطینی بچی ايلين رامي الكيلانی کے علاج کی ذمہ داری سنبھال لی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق 7 سالہ ایلین آنت کے کینسر کے نازک اور خطرناک مرحلے میں مبتلا ہے اور جسے فوری اور خصوصی طبی نگہداشت کی ضرورت ہے۔
چونکہ غزہ کے اندر اس نوعیت کا علاج دستیاب نہیں اس لیے سینٹر نے بچی کو اردن منتقل کرنے کا انتظام کیا ہے جہاں اُس کا علاج عمان میں واقع مركز الحسين میں شروع کردیا گیا ہے۔
بچی اس وقت ماہر معالجین کی ٹیم کی زیرِ نگرانی ہے جو اسے ضروری طبی دیکھ بھال فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ اس مشکل مرحلے سے گزر کر صحت یابی کے راستے پر گامزن ہوسکے اور یوں اس کی زندگی میں امید اور حوصلہ کی نئی روشنی پیدا ہو رہی ہے۔
بچی کے اہلِ خانہ نے سعودی قیادت اور عوام کے لیے گہرے شکر اور قدردانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کنگ سلمان سینٹر کی اس انسان دوست مہم نے ان کے لیے انتہائی سخت حالات کے درمیان امید کی ایک روشن کرن اور نجات کا وسیلہ فراہم کیا ہے۔
قابلِ ذکر ہے کہ کنگ سلمان سینٹر برائے انسانی امداد فلسطینی مریضوں کے لیے سرطان کے علاج کا ایک خصوصی پروگرام نافذ کر رہا ہے جو اردن میں مركز الحسين برائے کینسر کے تعاون سے جاری ہے اور جس سے 150 مریض استفادہ کر رہے ہیں جبکہ منصوبے کی کل لاگت 3 ملین 615 ہزار امریکی ڈالر ہے۔

شیئر: