Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قاہرہ میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مصری قیادت کے کلیدی کردار کو سراہا۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے قاہرہ میں الاتحادیہ صدارتی محل میں مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی ہے۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سنیچر کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں نے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ دوستی کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مصری قیادت کے کلیدی کردار کو سراہا، جبکہ صدر السیسی نے عالمی اور مسلم امہ کے اہم امور میں پاکستان کے مثبت اور فعال کردار کی تعریف کی۔ دونوں شخصیات نے باہمی سٹریٹجک مفادات کے معاملات پر ہم آہنگی اور عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کی مشترکہ تاریخ اور تمام شعبوں میں، خصوصاً سماجی و اقتصادی تعاون، ٹیکنالوجی اور سلامتی کے امور میں اشتراکِ عمل کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں فریقین نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مضبوط اقتصادی اور سلامتی سے متعلق مذاکرات پاکستان، مصر اور وسیع تر خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

 

شیئر: