پشاور میں دو ہزار 5 سو خاندانوں کی ذاتی کاروبار کے لیے مدد
’ان خاندانوں کو دو ہزار بکریاں، 25 ہزار مرغیاں، اور 5 سو گائے تقسیم کی جائیں گی‘ ( فوٹو: سبق)
کنگ سلمان برائے انسانی امداد نے گزشتہ دنوں پاکستان کے شہر پشاور میں کمزور ترین اور مستحق خاندانوں کے لیے مستقل ذریعہ آمدنی اور ذاتی کاروبار کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق منصوبے کے تحت دو ہزار 500 پاکستانی خاندانوں کے لیے مستقل ذریعہ آمدنی اور ذاتی کاروبار میں مدد کی جائے گی۔
ان خاندانوں کو دو ہزار بکریاں، 25 ہزار مرغیاں، اور 5 سو گائے تقسیم کی جائیں گی۔
علاوہ ازیں انہیں کاروبار چلانے کے لیے ضروری اوزار اور تربیت بھی فراہم کی جائے گی۔
پروگرام کا مقصد مستفید ہونے والے خاندانوں کی اپنی معاشی حالت بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنی ہے۔
اس مقصد کے تحت منعقد ہونے والی تقریب میں خیبر پختونخوا میں محکمہ ریلیف اور بحالی کے ڈائریکٹر نور الامین نے سعودی عرب کے اس فراخ دلانہ انسانی تعاون پر گہرے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سینٹر نے غذائی امداد، رہائش اور موسمِ سرما کے امدادی پروگراموں کے ذریعے اہم کردار ادا کیا ہے اور انہیں توقع ہے کہ یہ نیا منصوبہ مستفید خاندانوں کی زندگیوں میں نمایاں مثبت تبدیلی لائے گا۔
اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی امور کے رابطہ و ہم آہنگی کی تجزیہ کار شامہ اسد نے بھی سینٹر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کنگ سلمان سینٹر نے ایسے مشکل اور دور دراز علاقوں تک رسائی حاصل کی ہے جہاں درجہ حرارت منفی 30 ڈگری سے بھی نیچے چلا جاتا ہے اور جہاں اکثر تنظیمیں پہنچنے سے قاصر رہتی ہیں۔