’ڈیزرٹ ڈریم‘ ٹرین کی پہلی بار فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کانفرنس میں رونمائی ہوگی
سعودی ریلوے ’سار‘ اور اٹلی کی ’ارسینالی‘ کمپنی نے ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کانفرنس کے نویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ ’ڈیزرٹ ڈریم‘ ٹرین کی لگژری بوگیوں کی نمائش کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سبق نیوز کے مطابق فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کانفرنس کا آغاز آج 27 اکتوبر سے ہوا ہے جو 30 اکتوبر تک جاری رہے گی۔ مختلف ممالک کے سربراہان اور اعلٰی شخصیات کے علاوہ ممتاز سرمایہ کار اور پالیسی ساز شرکت کر رہے ہیں۔
کانفرنس کے شرکا کو ریجن میں ریلوے کے لگژری سفر کے نئے منصوبے کے تجربے کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا جو ’صحرائی خواب‘ کے عنوان سے تیار کیا گیا ہے۔
’ڈیزرٹ ڈریم‘ مشرق وسطی کی سطح پر پہلی لگژری ٹرین ہے جو فائیو سٹار سہولتوں سے آراستہ ہو گی۔ یہ پروجیکٹ ’سار‘ اور اطالوی کمپنی ’ارسینالی‘ کے اشتراک سے تیار کیا گیا ہے۔ اسے وزارت ثقافت اور سعودی سیاحتی اتھارٹی و دیگر اداروں کا تعاون حاصل ہے۔
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز اور سار کمپنی کے چیئرمین انجینیئر صالح بن ناصر الجاسر نے گراؤنڈ وزٹ کے دوران اس بات کی تصدیق کی کہ مملکت پہنچنے والی ’ڈیزرٹ ڈریم‘ کی بوگیوں کی نمائش کانفرنس کے نویں ایڈیشن میں کی جائے گی، اس ٹرین سروس سے منفرد اور عالمی معیار کے سفر کے تجربے سے لطف اندوز ہوا جاسکے گا۔
خیال رہے ڈیزرٹ ڈریم ’صحرائی خواب‘ ٹرین میں 33 سوئٹس ہوں گے جن میں 66 مہمانوں کی گنجائش ہے جو ایک منفرد اور مثالی سفر سے لطف اندوز ہوں گے۔

ٹرین میں دو ریستوران بنائے گئے ہیں جن میں عالمی شہرت یافتہ ماہر شیف خدمات انجام دیں گے۔ ایک ریستوران میں روایتی عرب پکوان عریبین کوزین جبکہ دوسرے میں اطالوی کوزین مسافروں کو مہیا کی جائے گی۔
ڈیزرٹ ڈریم ٹرین کی ایک بوگی میں اعلٰی معیار کی مجلس ’سٹنگ روم‘ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس میں اعلٰی معیار کی لکڑی پر سعودی ثقافت کے نقوش بنائے گئے ہیں۔
ٹرین کی اندرونی زیبائش سعودی اور اٹلی کے فن کا ایسا حسین امتزاج ہے جو دیکھنے والوں کو اپنے سحر میں مبتلا کردے گا۔

توقع ہے ’ ڈیزرٹ ڈریم‘ کا پہلا سفر سال 2026 کے آخر میں ریاض سے شروع ہوگا جو شمال کی جانب 1300 کلو میٹر طویل ہوگا۔ یہ سفر ایک یا دو راتوں پر مشتمل ہوگا جس میں مسافروں کو روایتی سعودی مہمان نوازی کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا۔
ڈیزرٹ ڈریم کا یہ سفر حقیقتاً ایک ایسے خواب کی طرح ہو گا جسے کبھی فراموش نہ کیا جاسکے گا۔ ہر مہمان اہم ہو گا، جنہیں مختلف اعلٰی معیار کی خدمات اس سفر میں مہیا کی جائیں گی۔