مکہ ریجن کی وادی تربہ، حد نگاہ تک پھیلے سبزہ زار کے دلکش نظارے
وادی کو بلند وبالا بیری کے درخت اور ببول کی جھاڑیوں نے گھیرا ہوا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
مکہ مکرمہ ریجن کی تربہ کمشنری کی وادی ’تربہ البقوم‘ دلکش فطری مناظر سے بھری ہے جبکہ اس وادی کی تاریخی اہمیت بھی ہے۔
تربہ کی یہ وادی جو تاریخ اور فطرت کے حسین مناظر کا امتزاج ہے۔ وسیع و عریض رقبے پر پھیلی ہوئی ہے جو فطری نظاروں کے شوقین کو اپنے حسن کے سحر میں جکڑ لیتی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وادی کے متنوع خطوں میں حد نگاہ تک پھیلے سبزہ زار بے حد دلکش نظارے پیش کرتے ہیں جنہیں بارش کے ذریعے آبِ حیات میسر آتا ہے۔
وادی کو بلند وبالا بیری کے درخت اور ببول کی جھاڑیوں نے اس طرح گھیرا ہوا ہے کہ انہیں دیکھنے سے ایک فصیل کا گمان ہونے لگتا ہے۔

وادی تربہ کا مرکز حرۃ البقوم ( آتش فشانی چٹانی علاقہ) جو علاقے کا اہم جیولوجیکل مقام ہے منفرد آتش فشانی چٹانیں صدیوں پرانی ہیں جن کی وجہ سے یہ علاقہ جغرافیائی طور پر بھی معروف ہے۔
وزارت ماحولیات و پانی نے وادی میں بارش سے بن جانے والی قدرتی جھیل جو حرۃ البقوم میں واقع ہے کی بڑے پیمانے پر صفائی کرکے اسے مزید گہرا کیا جس سے پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 32 ہزار کیوبک میٹر سے زیادہ ہو گئی ہے۔

جھیل کی صفائی کا مقصد علاقے کے چرواہوں اور مزارعین کو آبی سہولت فراہم کرنا ہے جو بارش کے پانی کو کاشتکاری اور مویشیوں کو پلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
وادی میں جہاں فطری حسن پھیلا ہوا ہے وہاں اس کی چٹانوں پرعہدِ رفتہ کے نقوش بھی ملتے ہیں جو ماضی کی تاریخ کے گواہ ہیں۔
