Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض کی رینکنگ بہتر بنانے کےلیے نئی مہم کا آغاز

کنگ خالد ایئرپورٹ کو 2025 کی فہرست میں 24 واں رینک ملا تھا۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے عالمی سطح پر رینکنگ کو بہتر بنانے کےلیے نئی مہم کا آغاز کیا ہے جس کا مقصد 2026 کی سکائی ٹریکس لسٹ میں دنیا کے 100 بہترین ایئرپورٹس میں نمایاں مقام حاصل کیا جائے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو رواں برس 2025 کی فہرست میں 24 واں رینک ملا تھا۔
یہ اعزاز حاصل کرنے والا مملکت کا پہلا ایئرپورٹ ہے۔ ’مطارات الریاض‘ کے زیر انتظام ریاض ریجن کے ایئرپورٹس کی دیکھ بھال کرنا ہے۔
کمپنی کی کوشش ہے ایئرپورٹ پر خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے جس کا مقصد فضائی سفر اور لاجسٹک سروسز کے شعبے میں مملکت کو عالمی مرکز بنانا ہے۔
واضح رہے رواں برس 2025 کی سکائی ٹریکس انڈیکس میں کنگ خالد انٹرنیشل ایئرپورٹ نے نمایاں پوزیشنز حاصل کیں۔
جن میں مشرق وسطی میں بہترین ایئرپورٹ، دنیا بھر میں بہترین نیا بین الاقوامی ٹرمینل ( ٹرمینل نمبر ون) میں تیسری رینکنگ اور مشرق وسطی کے بہترین ایئرپورٹس میں چوتھی جبکہ 30 سے 40 ملین مسافروں کی کیٹگری میں بھی چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
خیال رہے سکائی ٹریکس برطانیہ میں قائم ایک عالمی ادارہ ہے جو دنیا بھر کے ہوائی اڈوں اور فضائی کمپنیوں کی سروسز اور مسافروں کے تجربات کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ مرتب کرتا ہے۔

 

شیئر: