العلا کے نخلستان عالمی ذائقوں کا مرکز، میچلن گائیڈ مین متعدد ریستوران شامل
جمعرات 30 اکتوبر 2025 8:56
العلا کمشنری کی تاریخی وادی تیزی سے عالمی سطح پر ایک نئی پہچان اختیار کر رہی ہے۔ کمشنری کا قدیم زرعی ورثہ اب دورِ جدید کے حسین امتزاج کی عکاس ہے۔
کبھی صرف یادوں اور روایتوں کی علامت سمجھی جانے والی کھجوروں کی یہ وادیاں اب عالمی سطح کے مشہور و معروف ریستورانوں میں انواع واقسام کے پکوانوں سے مہک رہی ہیں۔
العلا کے فطری حسن کے خوبصورت مناظر میں مقامی ثقافت اور جدید کھانوں کے امتزاج سے مہمان نوازی کا مفرد تجربہ پیش کیا جا رہا ہے۔

سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق نخلستانوں میں گھری، موسمی پھلوں اور سبزیوں کے کھیتوں سے بھری یہ وادی العلا آنے والے سیاحوں کے لیے نئی منازل سے ہم آہنگ کر رہی ہے جو اپنی نوعیت کا انتہائی منفرد و غیرمعمولی تفریحی و سیاحتی مقام بن چکا ہے۔
العلا میں قائم ہونے والے عالمی معیار کے ریستورانوں میں تیار کیے جانے والے پکوان مقامی طور پر کاشت کی جانے والی تازہ اور صحت بخش اجناس سے تیار کیے جاتے ہیں جن کی فصل قدرتی آب و ہوا میں تیار ہوتی ہے جنہیں ’کھیت سے دسترخوان تک‘ کا سلوگن دیا گیا ہے۔

یہاں تیار ہونے والے پکوان ذائقہ دار ہی نہیں بلکہ صحت بخش اور آنے والے مہمانوں کے لیے مثالی و خوشگوار تجربہ ہیں جن کا دنیا میں کہیں ثانی نہیں۔
ریستورانوں کے پکوانوں سے متعلق عالمی ویب سائٹ ’میچلن گائیڈ‘ کے 2025 انڈیکس میں العلا کے متعدد ریستوانوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، یہ واضح ثبوت ہے کہ کبھی جزیرہ عرب میں زندگی اور سخاوت کی علامت رہنے والی یہ وادیاں اب عالمی معیار کی مہمان نوازی اور فنونِ طعام کا نیا مرکز بن رہی ہیں۔

العلا کا یہ تجربہ صرف سیاحتی پہلو تک محدود نہیں بلکہ یہاں ہونے والی مثالی ترقی نے مقامی ہوٹلنگ سیکٹر میں نوجوانوں کو بھی با اختیار بنایا ہے۔
العلا کی یہ وادی دنیا میں ایک ایسی مثال بن چکی ہے جہاں نخلستانوں کے ساتھ ساتھ امیدیں اور خواب بھی پروان چڑھتے ہیں۔
یہ کہا جاسکتا ہے کہ اب یہ سرزمین اپنی روایتی مہمان نوازی کے دروازے دنیا کے لیے کھول رہی ہے۔