سعودی کی انسانیت نوازی، ملازم کی شادی کے اخراجات ادا کیے
سوڈانی اپنی محنت اور اخلاص سے سعودی خاندان کے گھر کا فرد بنا۔ (فوٹو الوطن)
رفحاء کمشنری سے تعلق رکھنے والے سعودی شہری بندر سعود الرفدی نے انسان دوستی کی مثال قائم کرتے ہوئے اپنے سوڈانی ملازم کی شادی کرائی اور تمام اخراجات بھی ادا کیے۔
عاجل نیوز کے مطابق سوڈانی دلہا مدثر علی کا کہنا تھا کہ ’الرفدی خاندان نے مجھے کبھی باہر کا فرد نہیں سمجھا، ہمیشہ مجھے اس گھر کے بیٹے کا ہی درجہ دیا۔‘
سوڈانی شہری مدثر نے دس برس قبل رفحاء کمشنری کے رہائشی سعودی شہری بندر الرفدی کے یہاں ملازمت اختیار کی رفتہ رفتہ وہ اپنی محنت اور اخلاص سے سعودی خاندان کے گھر کا فرد بن گیا۔
مدثر کا کہنا تھا کہ جس طرح ’بھائی‘ بندر اور ان کی اہلیہ نے میری شادی کرائی اور تمام اخراجات برداشت کیے، میں ان کے اس احسان کو تاحیات فراموش نہیں کر سکوں گا‘۔
’خاص کر بھابھی نے (بندر کی اہلیہ) شادی سے قبل میری ہونے والی دلہن کے ساتھ یومیہ بازار جاتیں اور اس کی ضرورت کی تمام خریداری میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی‘۔
شادی کی تقریب میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں بندر کے رشتہ دار، دوست و احباب اور سوڈانی کمیونٹی بھی شامل تھی جنہوں نے اس عمل کو بے حد سراہا۔
