شام کے صدر احمد الشرع کا دورہ واشنگٹن متوقع ہے: امریکی ایلچی
’امید ہے‘ شام امریکی زیر قیادت داعش کے خلاف اتحاد میں شامل ہو جائے گا (فوٹو: اے پی)
امریکہ کے خصوصی ایلچی برائے شام ٹاٹم بیرک نے سنیچر کو کہا ہے کہ’ شام کے صدر احمد الشرع کا دورہ واشنگٹن متوقع ہے۔‘
بحرین میں منامہ ڈائیلاگ 2025 کے موقع پر مڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا’ اس دورے کے دوران ’امید ہے‘ شام امریکی قیادت میں داعش کو شکست دینے والے اتحاد میں شامل ہو جائے گا۔‘
اس سوال پر کہ کیا احمد الشرع اس ماہ واشگٹن جائیں گے، ٹام بیرک نے اس کا جواب اثبات میں دیا۔
یاد رہے شام کے صدر احمد الشرع اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کےلیے ستمبر میں نیویارک پہنچے تھے۔
اس دورے میں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی اور اس کے بعد جنرل اسمبلی سے خطاب کیا جو کسی شامی رہنما کا دہائیوں بعد پہلا خطاب تھا۔
شامی حکام نے اسرائیل کے ساتھ سال کے آخر تک فوجی اور سکیورٹی معاہدوں تک پہنچنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
واضح رہے صدر ٹرمپ نے مئی میں سعودی عرب کے دورے کے موقع پر شام کے عبوری رہنما احمد الشارع سے ملاقات پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پالیسی کو تبدیل کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کی جائے گی۔
