’عالمی ہم آہنگی‘ غیر ملکیوں کے ساتھ رابطے کا اینیشیٹو
’سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارتِ اطلاعات کے زیر اہتمام آج اتوار کو ’عالمی ہم آہنگی‘ اینیشیٹو کا آغاز ہوگا جس کا مقصد سعودی وژن 2030 کے اہداف کو حاصل کرنا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ مہم سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے کے لیے ہے جن میں ان کی پیشہ ورانہ اور خاندانی زندگی، سماجی و تفریحی سرگرمیاں، سعودی عرب کی معیشت میں ان کا کردار، ان کی کامیابیوں کی کہانیاں، ثقافتی تنوع اور سعودی معاشرے کے ساتھ ان کی ہم آہنگی اور انضمام کے پہلو شامل ہیں۔
اس کے ساتھ ہی سرکاری اور نجی اداروں کی اُن کوششوں کو بھی نمایاں کیا جائے گا جو سعودی شہروں میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
اس مہم کے تحت غیر ملکیوں کی سماجی و تفریحی سرگرمیوں کو اجاگر کرنے کے لیے وزارتِ اطلاعات، جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے ریاض سیزن کے دوران تقریبات کا اہتمام کرے گی۔
یہ سرگرمیاں آج اتوار سے شروع ہوں گی اور انڈین برادری کے لیے مخصوص ہوں گی جن میں ثقافتی، فنّی اور روایتی پروگرام شامل ہوں گے، جن میں انڈین ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
وزارتِ اطلاعات، جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی اور معیارِ زندگی کے پروگرام کے اشتراک سے ریاض سیزن کے دوران مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جو 14 مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کریں گی، جن میں پاکستان، انڈیا، فلپائن، انڈونیشیا، مصر، یمن، سوڈان، اردن، لبنان، شام، فلسطین، بنگلادیش، یوگنڈا اور ایتھوپیا شامل ہیں۔
ان تقریبات میں موسیقی کے کنسرٹس، ثقافتی پریڈز، خاندانی و تفریحی پروگرام، مقامی کھانوں اور دستکاریوں کے اسٹالز شامل ہوں گے جن میں مختلف قومیتوں سے تعلق رکھنے والے شہری اور غیر ملکی شریک ہوں گے جبکہ ان ممالک کے معروف ذرائع ابلاغ بھی ان سرگرمیوں کی کوریج کریں گے۔