مائع سونا، قنا عسیر میں بیری کے شہد کا موسم
’یہ شہد جنگلی بیری کے پھولوں کے رس سے حاصل کیا جاتا ہے جو گرم پہاڑی علاقوں میں اُگتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
اِن دنوں عسیر کے علاقے تہامہ میں شہد کی مکھیاں پالنے والے اعلیٰ ترین سنہری شہد جسے مائع سونا کہا جاتا ہے، کی تلاش اور کٹائی کے موسم سے گزر رہے ہیں۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے شہد کے شوقین عسیر کے مغرب میں واقع قنا علاقے کا رُخ کر رہے ہیں جو بیری کے شہد کی اعلیٰ پیداوار کے لئے مشہور ہے۔
اس علاقے میں بیری کے درختوں کی بڑی تعداد میں پائی جاتی ہے اور یہاں کا شہد اپنے گہرے سنہری رنگ اور منفرد ذائقے کی وجہ سے ممتاز ہے۔
بیری کا شہد اپنی اعلیٰ غذائی و طبی خصوصیات کے باعث نہایت قیمتی سمجھا جاتا ہے۔
یہ شہد جنگلی بیری کے پھولوں کے رس سے حاصل کیا جاتا ہے جو گرم پہاڑی علاقوں میں اُگتے ہیں۔

شہد کی پیداوار سال میں صرف چند ہفتوں کے مخصوص موسموں میں کی جاتی ہے جس دوران قدرتی چھتوں پر انحصار کیا جاتا ہے اور کسی کیمیائی یا مصنوعی شکر کا استعمال نہیں کیا جاتا جس سے اس شہد کو غیر معمولی خالص پن اور مخصوص ذائقہ حاصل ہوتا ہے۔
طبی تحقیقات سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ بیری کے شہد میں اینٹی آکسیڈینٹس، وٹامنز اور معدنیات کی وافر مقدار پائی جاتی ہے جو مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے، نظامِ ہضم کو بہتر کرنے اور زخموں کے جلد بھرنے میں مددگار ہے۔
اس کے علاوہ اسے روایتی طب میں سانس کے امراض، جوڑوں کے درد اور خون کی کمی کے علاج کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جبکہ اسے کھلاڑیوں اور صحتیابی کے مراحل سے گزرنے والے افراد کے لیے بھی مفید قرار دیا گیا ہے۔
یوں بیری کا شہد انسان اور فطرت کے درمیان توازن کی علامت اور عسیر کے فیاض ماحول کا زندہ ثبوت ہے جو بلاشبہ ’مائع سونا‘ کے لقب کا حقدار ہے۔