افغانستان میں زلزلے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی، 320 سے زائد زخمی
افغانستان میں زلزلے ہلاکتوں کی تعداد 20 ہوگئی، 320 سے زائد زخمی
پیر 3 نومبر 2025 5:51
شمالی افغانستان میں اتوار اور پیر کی درمیانی رات کو آنے والے شدید زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 20 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ 320 زخمی ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغان وزارتِ صحت نے پیر کے روز 20 ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
وزارتِ صحت کے ترجمان شرفات زمان نے صحافیوں کے ساتھ شیئر کیے گئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ بلخ اور سمنگان صوبوں میں تقریباً 320 ہم وطن زخمی ہوئے ہیں اور 20 سے زیادہ افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ یہ اعداد و شمار ابتدائی ہیں اور مزید معلومات آنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
خبر رساں اداروں کے مطابق جھٹکے پیر کو علی الصبح مزار شریف شہر میں محسوس کیے گئے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز ہندوکش میں 17 کلومیٹر گہرائی میں تھا اور اس کی شدت 6.3 تھی۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جھٹکے مزار شریف کے علاوہ دوسرے شہروں اور کابل تک بھی محسوس کی گئے۔
اے ایف پی کے نمائندے کو مقامی حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ جھٹکے شروع ہوتے ہی لوگ گھروں سے نکل آئے۔
مقامی حکام نے صورت حال کے بارے میں تفصیلات جاننے کے لیے ہنگامی نمبر جاری کر دیا ہے اور لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس پر نقصانات کی اطلاع دیں اور ہلاکتوں کی تعداد بڑھنے کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
افغانستان میں اس سے قبل بھی زلزلے آ چکے ہیں جن میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
طالبان حکومت کو اگست 2021 میں پھر سے اقتدار میں آنے کے بعد متعدد زلزلوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جن میں 2023 میں ہیرات کے علاقے میں آنا والا زلزلہ بھی شامل تھا، جس میں 1500 سے زائد افراد ہلاک اور 63 ہزار سے زائد گھر تباہ ہوئے تھے۔
اسی طرح 31 اگست کو بھی چھ شدت کا زلزلہ آیا تھا جس کی گہرائی کافی کم تھی اور اس میں دو ہزار 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور یہ افغانستان کی حالیہ تاریخ کا سب سے تباہ کن زلزلہ تھا۔
افغانستان کے ہندوکش کے ایریا میں زلزلے آتے رہتے ہیں جہاں یوریشین اور انڈین پلیٹس آپس میں ملتی ہیں۔