Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان میں زلزلہ: راشد خان کی اپیل پر شاہد آفریدی کا مدد کا اعلان

افغانستان میں آنے والے زلزلے سے 15 سو افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
افغانستان میں آنے والے ہولناک زلزلے کے بعد افغان کرکٹر راشد خان نے مالی امداد کی اپیل کی ہے۔
جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر راشد خان نے اپنے ویڈیو پیغام میں زلزلے میں جانی اور مالی ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امداد اکٹھی کرنے کا اعلان کیا۔
ویڈیو میں راشد خان نے اپنے تین ساتھی کھلاڑیوں شاہد آفریدی، ہاردک پانڈیا اور ڈیون براوو کو بھی اس مقصد میں شامل ہونے کی دعوت دی۔
راشد خان کی اس دعوت کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے قبول کرتے ہوئے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے ’میں زلزلہ متاثرین کی فلاح بہبود اور مدد کے لیے راشد خان کی حمایت کر رہا ہوں۔ میں نے بھی اپنا حصہ بیک ایون سٹرونگر نامی ویب سائٹ کے ذریعے ڈالا ہے، میں وسیم اکرم، وقار یونس، اور شعیب اختر کو بھی اس کام کی دعوت دیتا ہوں۔‘
راشد خان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق ابھی تک ان کی اپیل پر 71 فیصد امداد اکٹھی کی جا چکی ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو افغانستان میں آنے والے زلزلے سے 15 سو افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں۔
زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں خوراک، ادویات اور پناہ گاہوں کی شدید قلت دیکھنے میں آ رہی ہے۔

شیئر: