سائرن بجانے اور موبائل انتباہی پیغام کا تجربہ کامیاب
’تجربہ ریاض، درعیہ، الخرج، الدلم، تبوک، جدہ اور ثول میں کیا جائے گا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے آج پیر کو مختلف شہروں میں انتباہی سائرن کی کامیاب آزمائشی مشق انجام دی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس تجربے کا مقصد ہنگامی حالات میں الرٹ نظام کی تیاری اور مؤثریت کو مزید بہتر بنانا ہے۔
محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ ’سائرن بجانے اور موبائل انتباہی پیغام کا تجربہ ریاض، درعیہ، الخرج، الدلم، تبوک، جدہ اور ثول میں کیا گیا ہے‘۔
قومی انتباہی پلیٹ فارم National Early Warning Platform کا بھی سیلولر براڈکاسٹ سروس کے ذریعے تمام علاقوں میں تکنیکی جانچ کی جائے گی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سسٹمز ہنگامی انتباہات کے دوران مؤثر طور پر کام کر رہے ہیں۔
محکمے نے واضح کیا ہے کہ یہ محض ایک آزمائشی عمل ہے لہٰذا شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو کسی قسم کا اقدام کرنے کی ضرورت نہیں۔
واضح رہے کہ آج پیر کو دوپہر ایک بجے موبائل صارفین کو انتباہی پیغام موصول ہوئے ہیں، ایک بجکر 10 منٹ پر مذکورہ شہروں میں سائرن بجائے گئے جبکہ 1.15 پر خطرہ ٹلنے کا آزمائشی سائرن بجایا گیا‘۔
محکمہ شہری دفاع نے عوام سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کوششیں پیشگی انتباہی نظام کی ترقی اور جان و مال کے تحفظ کے لئے مسلسل جاری رہیں گی۔