عالمی ہفتہ سیاحت، ریاض میں ہوٹلوں کی بکنگ سو فیصد کے قریب
’سعودی عرب عالمی ہفتہ سیاحت کی میزبانی 7 سے 14 نومبر تک کرے گا‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض کے ہوٹل آئندہ دنوں میں مکمل طور پر بُک ہونے کے قریب ہیں جہاں ’عالمی ہفتہ سیاحت‘ کی تقریبات کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب عالمی ہفتہ سیاحت کی میزبانی 7 سے 14 نومبر تک کرے گا۔
اس ہفتے میں اقوامِ متحدہ کی عالمی سیاحت تنظیم کی جنرل اسمبلی کے اجلاس اور عالمی ’TOURISE‘ فورم سمیت کئی سرگرمیاں شامل ہیں جن میں 160 ممالک اور 120 سے زیادہ وزرا، عہدیداران اور بین الاقوامی تنظیموں کے قائدین شرکت کر رہے ہیں۔
ہوٹل بکنگ کے اعداد و شمار سے معلوم ہوا ہے کہ ریاض کے 5 سٹار ہوٹلوں میں کمرہ بکنگ کی شرح 97 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔
یہاں تک کہ کچھ کمروں کا کرایہ ایک رات کے لئے 6 ہزار ریال سے بھی زیادہ ہو گیا ہے۔
اس کی بڑی وجہ سعودی سیاحت کی تاریخ کے سب سے بڑے ایونٹ کے دوران عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی رہائش کی طلب ہے۔
ہوٹل انڈسٹری کے ماہر توفیق ابو الوفا نے کہا ہے کہ ’ریاض میں اس وقت عالمی سطح کا بے مثال سیاحتی جوش دیکھنے میں آ رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم ایسی طلب کے سامنے ہیں جو رسد سے کہیں زیادہ ہے اور یہ صرف عام زائرین کی جانب سے نہیں بلکہ سرکاری وفود، بین الاقوامی میڈیا اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے بھی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’دارالحکومت کی موجودہ گنجائش بڑھتی ہوئی تقریبات کے حجم کے مقابلے میں کم ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ نئے ہوٹل منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانا ناگزیر ہو گیا ہے تاکہ بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کیا جا سکے‘۔