اسلامک سولیڈیرٹی گیمز 2025 ریاض میں 7 نومبر سے شروع
57 ممالک کے 3 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے‘ ( فوٹو: سبق)
دارالحکومت ریاض اسلامک سولیڈیرٹی گیمز 2025 کے چھٹے ایڈیشن کی تیاریاں زوروں پر ہیں جن کا انعقاد 7 سے 27 نومبر تک ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس میں 57 ممالک کے 3 ہزار سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے جو 25 مختلف کھیلوں میں پانچ مرکزی مقامات پر مقابلہ کریں گے۔
اسلامک سولیڈیرٹی گیمز 2025 کی افتتاحی تقریب جمعہ کو جنادریہ میں ہوگی۔
مقابلے منگل سے شروع ہوں گے جہاں انڈور فٹبال کے میچز پرنس فیصل بن فہد اولمپک کمپلیکس کے گرین ہالز میں ہوں گے۔

افتتاحی دن میں سعودی عرب کا مقابلہ ازبکستان سے ہوگا جبکہ دیگر میچز میں لیبیا بمقابلہ آذربائیجان، ایران بمقابلہ مراکش اور افغانستان بمقابلہ تاجکستان شامل ہیں۔
اسی روز والی بال کے مقابلے بھی بولیوارڈ ریاض سٹی میں ہوں گے جہاں آذربائیجان کا مقابلہ تاجکستان سے اور ترکی کا مقابلہ ایران سے ہوگا۔
تمام کھلاڑی روزانہ کی بنیاد پر اپنی ٹریننگ سیشنز جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ وہ ایونٹ کے آغاز کے لئے بھرپور تیاری کر سکیں۔

آرگنائزنگ کمیٹی تمام ضروری سہولیات اور انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے سرگرم ہے تاکہ یہ ایونٹ ایک مثالی اور یادگار ایڈیشن بن سکے جو سعودی عرب کی بین الاقوامی حیثیت کو اجاگر کرے۔
کھلاڑیوں کمپلکس مکمل تربیتی مرکز پر مشتمل ہے جو رہائش گاہ سے صرف پانچ منٹ پیدل فاصلے پر واقع ہے تاکہ وفود کو آرام دہ اور منظم قیام فراہم کیا جا سکے۔