تفریحی ایونٹ سے سعودی عرب اور انڈیا کے تعلقات گہرے ہوں گے، انڈین سفیر
’عالمی ہم آہنگی‘ کے عنوان سے غیر ملکیوں کے لیے رابطے قائم کرنے کا پروگرام شروع ہوا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں انڈیا کے سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور انڈیا کے درمیان مشترکہ ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے سعودی وزارت اطلاعات اور انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے پیش کی جانے والی ثقافتی اور تفریحی سرگرمیوں کو سراہا ہے۔
خیال رہے کہ وزارت اطلاعات اور انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ’عالمی ہم آہنگی‘ کے عنوان سے سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کے لیے رابطے قائم کرنے کا پروگرام شروع ہوا ہے۔
انہوں نے ’عالمی ہم آہنگی‘ کے تحت ہفتہ ثقافت ہند کے آغاز کے موقع پر کہا ہے کہ ’2024 میں منعقدہ اس پروگرام کے پہلے مرحلے کی بڑی کامیابی کے بعد، توقع ہے کہ اس سال کی تقریبات میں انڈین فنون، کھانوں اور دستکاریوں کی زیادہ بھرپور اور جامع نمائش ہوگی جن میں متعدد فنکار اور تخلیق کار حصہ لیں گے۔
انڈین سفیر نے بتایا ہے کہ ’گزشتہ سال تقریبات کے وزٹروں میں انڈیا کے ثقافتی تنوع کو دیکھنے کا جوش و خروش نمایاں تھا اور اس سال اس میں مزید دلچسپی اور وسیع شرکت متوقع ہے‘۔
ہفتہ ثقافت ہند کی متنوع تقریبات میں کئی فنی محافل، فنون و کھانوں کے اسٹالز اور ثقافتی و تفریحی پروگرام شامل ہیں جو انڈیا کے فنی و ثقافتی ورثے کی دولت اور تنوع کو اجاگر کرتے ہیں۔