سعودی نوجوانوں نے ناکارہ اشیا سے کارآمد گاڑی بنا لی
نوجوان کا کہنا ہے ریجنل گورنر اور ڈپٹی گورنر نے بھرپور ساتھ دیا (فوٹو: سکرین گریب)
دو سعودی نوجوانوں نے اپنی صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے فالتو اور بے کار سمجھی جانے والی اشیا سے کارآمد گاڑی بنالی۔
اپنے کارنامے کے بارے میں یحیی شعفی نے بتایا’ اپنے دوست اسامہ کے ساتھ مل کر یہ سوچا کرتا تھا کہ کیوں نہ کچھ ایسا کیا جائے کہ دنیا سعودیوں کی صلاحیتوں کی معترف ہو سکے۔‘
’ہماری سوچ کا مرکز تھا کہ ناکارہ چیزوں کا استعمال کرتے ہوئے کچھ کارآمد چیز بنائی جائے۔‘
کافی دنوں کی سوچ بچار کے بعد ہمیں ایک گاڑی کا چیسی ملا جسے ناکارہ سمجھ کر لوگوں نے کباڑ خانے میں ڈال دیا تھا۔
چیسی کو دیکھ کر خیال آیا کہ اسے ایک گاڑی میں تبدیل کیا جائے۔ ہم دونوں نے مل کر چیسی کو صاف کیا اور اسے مکمل گاڑی کی شکل دینے کے لیے سامان جمع کرنا شروع کردیا۔
کچھ ہی دنوں میں ہمیں بہت کچھ مل گیا جسے ہم نے دن رات کی محنت سے درست کیا اور پرزوں کو جوڑتے ہوئے گاڑی کا ڈھانچہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔
درپیش مشکلات کے حوالے سے یحیی نے بتایا’ دونوں بے کار تھے کوئی روزگار نہیں تھا۔ ہمیں سامان لانے اور کام کرنے میں دقت کا سامنا کرنا پڑا تاہم ہمت سے ہم روز کچھ نہ کچھ بناتے رہے اس کام میں ہمیں 5 ماہ کا وقت لگا۔
یحیی نے بتایا کہ اس کام کی اطلاع ریجنل گورنر اور ڈپٹی گورنر کو ملی تو انہوں نے ہمت بڑھائی اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی ہی نہیں کرائی بلکہ ہمارا بھرپور ساتھ دیا جس پر ہم دل کی گہرائیوں سے ان کے شکرگزار ہیں۔
مستقبل کے بارے میں ان کا کہنا تھا’ خواہش ہے کہ سعودی عرب خاص کر جیزان کا نام دنیا میں روشن کروں جو مملکت کے وژن 2030 کے اہداف میں شامل ہے ہمیں یقین ہے کہ ایک دن ہم اپنے خواب کو حقیقت کا روپ دینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔‘
