Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عالمی ہم آہنگی 2 ‘ انشیٹیو کا ’انڈین کلچر ویک‘ کے ساتھ آغاز

پاکستان کلچر ویک 29 نومبر سے یکم دسمبر تک منایا جائے گا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت اطلاعات نے ریاض میں دوسرے ’عالمی ہم آہنگی 2 ‘ انشیٹیو کا افتتاح کر دیا جو ’سعودی وژن 2030‘ کے ساتھ مطابقت رکھنے والے ’کوالٹی آف لائف پروگرام‘ کا حصہ ہے۔
اس ایونٹ کا آغاز ریاض کے السویدی پارک میں ’انڈین کلچر ویک‘ کے ساتھ ہوا جس میں 14 ملکوں کی ثقافت کے لیے کئی ہفتوں پر محیط پروگراموں کا اہتمام کیا جائے گا جن میں مختلف ممالک سے 100 سے زیادہ فنکار حصہ لیں گے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت اطلاعات نےعالمی ہم آہنگی 2 ‘ انشیٹیو کا آغاز جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے اشتراک سے کی ہے۔
اس انیشیٹیو کا مقصد ایک ایونٹ کے ذریعے مملکت میں رہنے والوں کی پروفیشنل اور ذاتی زندگی، سماجی سرگرمیوں، معیشت میں بہتری کے لیے ان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں اور ان کی کامیابوں کی کہانیوں کو لوگوں کے سامنے لانا ہے۔
اس انیشیٹیو میں ثقافتی زرخیزی اور سعودی معاشرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے جس میں حکومت اور نجی شعبے کی کوششیں شامل ہوں گی تاکہ مملکت کے شہروں میں زندگی کی کوالٹی کو بہتر بنایا جا سکے۔

’انڈین کلچر ویک‘ جو دس نومبر تک جاری رہے گا، رنگا رنگ تجربات سے بھرپور ہوگا جس میں لوک فن، میراث سے متعلق پرفارمینسز، موسیقی، فیشن اور روایتی کھانوں کے علاوہ بچوں کے لیے مختلف سرگرمیاں ہوں گی۔
وزارت کے مطابق یہ انیشیٹیو ایک ثقافتی پل کا کام دے گا جو مختلف ملکوں کے لوگوں کے مابین رابطے اور مکالمے کے فروغ کے لیے مملکت کے کردار کو اجاگر کرے گا اور عالمی سطح پر باہمی روابط میں اضافے کا باعث بنے گا۔
’انڈین کلچر ویک‘ میں ایسی سرگرمیوں شامل ہوں گی جو انڈین ورثے کی گہرائی کی عکاس ہوں گی۔ راویتی پرفارمنسز، دستکاری کی ورکشاپس اور حنا آرٹ کے تجربات بھی انڈین کلچر ویک کا حصہ ہوں گے۔

 سعودی وزارت اطلاعات نے انڈین و دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والوں کو دعوت دی ہے کہ وہ السویدی پارک میں منعقد کیے جانے والے ثقافتی پروگراموں میں شرکت کریں تاکہ عالمی سطح پر باہمی روابط کو مستحکم کیا جائے۔
یاد رہے کہ السویدی پارک میں پاکستان کلچر ویک 29 نومبر سے یکم دسمبر تک منایا جائے گا۔

 

شیئر: