وزیر صنعت سے چینی سرمایہ کاروں کے وفد کی ملاقات
        
        
                        
                
                    
                                                    
                                
                                                                    
                                        
                                            ’وفد میں 30 سے زائد چینی کمپنیوں کے سربراہان موجود تھے‘ ( فوٹو: سبق)                                        
                                    
                                
                             
                                             
                             
            
			
	
	       
	
				
            
                سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر بن ابراہیم الخریف سے ایک اعلیٰ سطحی چینی تجارتی وفد نے ملاقات کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وفد میں 30 سے زائد چینی کمپنیوں کے سربراہان موجود تھے۔
ملاقات کا مقصد سعودی عرب اور چین کے درمیان صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنا اور مشینری، آلات، سیمی کنڈکٹرز اور جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجیز جیسی اعلیٰ قدر کی صنعتوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا تھا۔

اجلاس میں سعودی عرب کے صنعتی سرمایہ کاری کے ماحول کی مسابقتی خصوصیات کا جائزہ لیا گیا اور صنعتی نظام کی جانب سے سرمایہ کاروں کے لئے فراہم کی جانے والی سہولتوں اور مواقع پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
اس کے علاوہ مہارتوں کے تبادلے، ٹیکنالوجی کی منتقلی، سپلائی چین کے شعبے میں تعاون اور جدید صنعتی حل کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔
یہ اجلاس قومی مرکز برائے صنعتی ترقی کی ان کوششوں کا حصہ ہے جن کا مقصد بین الاقوامی شراکت داریوں کو مضبوط کرنا، اعلیٰ معیار کی سرمایہ کاری کو متوجہ کرنا اور مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہدف شدہ صنعتی شعبوں میں موجود امید افزا مواقع سے جوڑنا ہے تاکہ پائیدار صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے اور سعودی وژن 2030 کے تحت قومی معیشت کی تنوع کی حکمتِ عملی کو تقویت ملے۔