Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈسٹریل اور اکنامک زون میں کارکنوں کی عارضی بھرتی کے لیے’اجیر‘ کی سہولت

’اجیر‘ کی سہولت ایک ماہ سے چھ ماہ تک حاصل کی جاسکتی ہے۔(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی  وزارت افرادی قوت نے انڈسٹریل زون ’مدن‘ اور اکنامک زون میں کارکنوں کی عارضی بھرتی کے لیے’اجیر‘ کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت کی جانب سے فراہم کی جانے والی ’اجیر‘ کی سہولت ایک ماہ سے چھ ماہ تک حاصل کی جاسکتی ہے۔
وزارت افرادی قوت کے سیکرٹری برائے مھند العیسی کا کہنا تھا ’لیبر مارکیٹ کے امور کو آسان بنانے اور نجی شعبے میں افرادی قوت کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کےلیےعارضی بنیادوں پر کارکنوں کے حصول کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔‘
’اس کا مقصد صنعتی اوراکنامک زونز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کےلیے افرادی قوت کی ضرورتوں کو پورا کرنا ہے۔‘
عارضی بنیادوں پر کارکنوں کی خدمات حاصل کرنے کے حوالے سے وزارت کے مقرر کردہ ضوابط پرعمل کرنا ضروری ہوگا۔
ضوابط کے مطابق کارکن کا حصول مدن یا اکنامک زونز سے کیا جاسکتا ہے، اگر اسی زون میں کارکن میسرنہ ہوں تو عام لیبر مارکیٹ سے بھی عارضی کارکن حاصل کیے جاسکتے ہیں۔

اجیر کے تحت کارکنوں کی کم از کم عمر کی حد 18 برس ہو۔ وہ کمپنی یا صنعتی ادارے جو اجیر کی سروس حاصل کرنے کے خواہشمند ہوں ان کا گرین زون (نطاق الاخضر) میں ہونا ضروری ہے۔
مجموعی کارکنوں کی تعداد زیادہ سے زیادہ 50 فیصد تک کارکن اجیر کے ذریعہ حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
اکنامک زون کے لیے اجیر کی سہولت حاصل کرنے کے لیے اکنامک اتھارٹی میں کمپنی یا ادارے کا رجسٹرڈ ہونا ضروری ہے۔ اجیر سروسز پورٹل کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں۔

 

شیئر: