امریکی ریاست کینٹکی میں کارگو طیارے کو حادثہ، سات افراد ہلاک
امریکی ریاست کینٹکی میں کارگو طیارے کو حادثہ، سات افراد ہلاک
بدھ 5 نومبر 2025 11:20
امریکی ریاست کینٹکی کے لوئی ول انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اُڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد کوریئر کمپنی یو پی ایس کا کارگو طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے بتایا ہے کہ میکڈونل ڈگلس ایم ڈی 11 طیارہ جو ہوائی کے لیے روانہ ہورہا تھا، مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بج کر 15 منٹ پر گر کر تباہ ہو گیا۔
حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے ایئرپورٹ کے قریب واقع کاروباری عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
کینٹکی کے گورنر اینڈی بیشیئر نے پریس بریفنگ میں ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ طیارہ ایک پیٹرولیم ری سائیکلنگ کمپنی سے براہِ راست ٹکرایا۔
ایکس پر اپنے بیان میں گورنر نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
کوریئر کمپنی یو پی ایس نے اپنے بیان میں بتایا کہ طیارے میں تین عملے کے ارکان سوار تھے، تاہم ابھی تک کسی ہلاکت یا زخمی ہونے کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
گورنر اینڈی بیشیئر نے کہا کہ عملے کے ارکان کی حالت کے بارے میں علم نہیں تاہم انہوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا۔
حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جس نے ایئرپورٹ کے قریب واقع کاروباری عمارتوں کو لپیٹ میں لے لیا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور امریکی نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
مقامی نشریاتی ادارے کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پرواز کے دوران طیارے کے بائیں انجن میں آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
لوئی ول محمد علی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حکام نے اعلان کیا ہے کہ منگل کی شام روانگی کے لیے شیڈول تمام پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ یو پی ایس نے اپنے پیکیج سورٹنگ آپریشنز عارضی طور پر روک دیے ہیں۔
ایئرپورٹ پولیس کے ترجمان جوناتھن بیون کے مطابق طیارہ رن وے سے اُڑان بھرنے کے بعد ایئرپورٹ کے جنوبی حصے سے تقریباً تین میل کے فاصلے پر گر کر تباہ ہوا۔
لوئی ول کوریئر کمپنی یو پی ایس کا امریکہ میں سب سے بڑا فضائی مرکز ہے۔کمپنی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے 200سے زائد ممالک میں اپنی خدمات فراہم کرتی ہے اور روزانہ تقریباً 2,000 پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔