Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نقد رقم کے بدلے آباد کاری سکیم سے دستبردار ہو جائیں، جرمنی کی افغان پناہ گزینوں کو پیشکش

جرمنی نے پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزینوں کو نقد رقم کی پیشکش کی ہے اور آباد کاری پروگرام سے دستبردار ہونے کا کہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق جرمن حکومت نے افغان پناہ گزیں سکیم متعارف کروائی تھی تاہم قدامت پسند چانسلر فریڈرک مرز کے حکومت سنبھالنے کے بعد سے تقریباً دو ہزار افغان شہری پاکستان میں پھنسے ہوئے ہیں۔
خطرے سے دوچار افغانوں کے انخلا کے لیے کام کرنے والے سماجی گروپ ایئر برج کابل کے مطابق مہاجرین کو خط موصول ہوا ہے جس میں آباد کاری پروگرام کے بدلے میں نقد رقم اور دیگر سہولیات کی پیشکش کی گئی ہے۔
اس سلسلے میں پاکستان میں رہائش پذیر ایک اکیلی خاتون کو 1500 یورو دیے جائیں جبکہ افغانستان یا کسی تیسرے ملک میں موجودگی کی صورت میں پانچ ہزار یورو کی پیشکش کی گئی ہے۔
وزارت داخلہ کی ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ پناہ گزینوں کی افغانستان یا کسی تیسرے ملک کو رضاکارانہ واپسی کی صورت میں یہ پیشکش کی گئی ہے۔
جرمن سکیم ان افغانوں کے لیے متعارف کروائی گئی تھی جو افغانستان میں جرمن فورسز کے ساتھ کام کرتے رہے ہیں یا جن کی زندگیوں کو طالبان سے خطرہ ہے، جیسے صحافی، وکلا اور سماجی کارکنان۔
ایئربرج کابل سے منسلک ایوا بیئر نے جرمن حکومت کے حالیہ اقدام پر حیرت و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ایسے افغان کو نہیں جانتیں جو یہ پیشکس قبول کرنا چاہے گا۔
ایوا بیئر کو افغان پناہ گزینوں کی جانب سے موصول ہونے والے پیغامات میں ایک افغان شہری نے لکھا، ’میرا پورا جسم کانپ رہا ہے اور میرا رونا رک نہیں رہا۔‘
جبکہ ایک اور افغان شہری نے لکھا، ’مجھے پیسے یا روٹی نہیں چاہیے، میں صرف محفوظ ماحول میں رہنا چاہتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ جرمن پروگرام میں شامل 200 سے زائد افغانوں کو پاکستانی حکام نے واپس افغانستان بھیجا تھا۔
ستمبر میں جرمن وزارت خارجہ کی ترجمان نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ سمجھوتا طے پایا ہے کہ پروگرام میں شامل افغانوں کو گرفتار یا ملک بدر نہیں کیا جائے گا۔
تاہم ایئر برج کے مطابق اکتوبر کے آخر میں پاکستان میں مقیم مزید 17 افغانوں کو  گرفتار کیا گیا۔
آبادکاری پروگرام میں شامل افغانوں کے کئی گروپ حکومت پر مقدمہ دائر کرنے کے بعد جرمنی آنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جن میں سے 14 افغانوں پر مشتمل ایک گروپ گزشتہ ہفتے جمعرات کو جرمنی پہنچا ہے۔

 

شیئر: