انڈیا میں ’برازیلین ماڈل کا جعلی ووٹ‘، کیا وہ آریان خان کی گرل فرینڈ ہیں؟
انڈیا میں ’برازیلین ماڈل کا جعلی ووٹ‘، کیا وہ آریان خان کی گرل فرینڈ ہیں؟
جمعرات 6 نومبر 2025 16:23
راہل گاندھی نے ووٹر لسٹ میں جعلی آئی ڈیز شامل کرنے کا الزام لگایا ہے۔ فائل فوٹو
بالی وڈ کے سپر سٹار شاہ رخ کے بیٹے آریان خان کی مبینہ گرل فرینڈ انڈیا میں سیاسی تنازعے کے دوران خبروں میں آئی ہیں جب اُن کے نام کو غلطی فہمی کی بنیاد پر برازیلین ماڈل سے ملا دیا گیا۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق بدھ کو جب انڈیا اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ایک خاتون کی تصویر لہرا کر الزام لگایا کہ اُس نے ریاست ہریانہ کے الیکشن میں 22 ووٹ کاسٹ کیے تھے تو بہت سے لوگوں نے سمجھا کہ وہ خاتون آریان خان کی مبینہ گرل فرینڈ لاریسا بونیسی ہیں۔
آریان خان کے بہت سے مداحوں نے لاریسا بونیسی کے انسٹاگرام کی پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں راہل گاندھی کی تصاویر اور میمز لگانا شروع کر دیں۔
راہل گاندھی نے برازیلین خاتون کی تصویر لہرا کر کہا تھا کہ یہ ماڈل کون ہے جس نے 22 ووٹ پول کیے۔
انہوں نے الزام عائد کیا تھا کہ اس خاتون کی تصویر ریاست ہریانہ کے الیکشن کے دوران 22 مختلف پولنگ سٹیشن پر ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے سامنے آئی۔ راہل گاندھی نے اُن کے آئی ڈی کارڈ کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ برازیلین خاتون کی تصویر انٹرنیٹ پر سٹاک امیجز سے لی گئی۔
راہل گاندھی نے جس برازیلین خاتون کی تصویر لہرائی تھی بعد میں اُن کا نام لاریسا نیرے کے طورپر معلوم ہوا جن کی تصویر استعمال کی گئی تھی۔ بہت سے لوگوں نے اُن کو لاریسا بونیسی سمجھ لیا جن کے بارے میں افواہ ہے کہ وہ آریان خان کی گرل فرینڈ ہیں۔
انڈین سوشل میڈیا صارفین کی ایک بڑی تعداد نے لاریسا بونیسی کے انسٹاگرام پر جا کر اُن کو بتایا کہ وہ انڈیا میں مشہور ہو چکی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے آریان خان کی مبینہ گرل فرینڈ کے انسٹاگرام پر تبصرے کیے۔ فائل فوٹو
ایک صارف نے لکھا کہ ’انڈیا کی سیاست میں آنے پر خوش آمدید۔‘ ایک اور صارف نے پوسٹ کیا کہ انڈیا کی شہریت ملنے پر لاریسا کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
متعدد صارفین نے اس ساری صورتحال پر میمز بنائیں اور اور لکھا کہ ’اتنی دور برازیل سے آ کر ہریانہ میں ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے شکریہ۔‘
انڈیا کی ریاست بہار میں الیکشن کی مہم کے دوران اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ووٹر فہرستوں پر سوال اُٹھاتے ہوئے ریاست ہریانہ کے الیکشن میں کاسٹ کیے گئے ووٹوں کو مشکوک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جعل سازی ہو رہی ہے۔